زمینی تنازع،گھریلو جھگڑے اورفائرنگ سے14افراد جاں بحق

بھکر/کوہاٹ/اسلام آباد:مختلف علاقوں میں زمینی تنازع،گھریلو جھگڑے اورفائرنگ سے14افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بھکرمیں تھانہ بہل کے علاقے بستی چانڈیہ میں زمین کے تنازع پر دوگروپوں میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے،ریسیکو حکام نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔

ڈی پی او بھکر نے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا،پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی،علاقے کو گھیرے میں لے کر صورتحال کو کنٹرول کر لیا۔ادھرخیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے مضافاتی علاقے شاہی بانڈہ میں فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کمسن بچے اور خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق کوہاٹ میں تحصیل لاچی کے علاقے شاہی بانڈہ میں دو فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں افسوسناک طور پر پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک کمسن بچہ اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے علاقے تھانہ نون میں گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ گھریلو تنازع کا نتیجہ ہے۔واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دیں اور مختلف پہلوئوں سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ اصل محرکات کا تعین کیا جا سکے۔اپولیس ذرائع کے مطابق مقتولین میں 2 مرد، ایک عورت اور بچہ شامل ہیں جن کی ایک گھر سے لاشیں برآمد ہوئیں۔