اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا ہے پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ مکمل کر لیا ہے، جلد اس کی ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری متوقع ہے جس کے بعد اگلی قسط جاری ہوگی۔
وزارت خزانہ کے مطابق ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کے نمائندگان سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی بہتری اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ مکمل کر لیا ہے، جلد اس کی ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری متوقع ہے، جس کے بعد اگلی قسط جاری ہوگی ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس ماہ 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ کامیابی سے ادا کیا ہے۔
وزیر خزانہ سعودی عرب کے 3 ارب ڈالر کی اضافی مالی معاونت اور 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں 2028 تک توسیع تک کا بھی ذکر کیا، اضافی مالی معاونت اور ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سے بیرونی مالی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔
وزیر خزانہ نے ملاقات میں پاکستان کی درمیانی مدت کی مالی حکمت عملی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان کے بہتر ہوتے معاشی اشاریے اور اصلاحات کی رفتار ملک کی ریٹنگ میں بہتری کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

