ائیرپورٹ ایک خوبصورت اور بہت روشن مقام ہوتا ہے جہاں کی کشادہ اور بلند چھتیں کافی منفرد ہوتی ہیں۔
اکثر ائیرپورٹس کا ڈیزائن بہت مختلف ہوتا ہے جبکہ ان کے اندر کافی سہولیات بھی موجود ہوتی ہیں۔
مگر ایک بات جو اکثر ائیرپورٹس اور طیاروں میں عام ہوتی ہے، وہ ہے ٹھنڈک۔
جی ہاں واقعی اگر آپ ائیرپورٹ میں طیارے کی پرواز کے لیے انتظار کرتے ہوئے کانپ رہے ہوں، تو یہ اتفاق نہیں۔
تو اگر آپ کو ائیرپورٹ میں زیادہ ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے تو اس کے پیچھے چھپی وجوہات کافی دلچسپ ہیں۔
تو ائیرپورٹ کا درجہ حرارت کم رکھنے کی وجہ کیا ہے؟
ائیرپورٹ کا درجہ حرارت کئی وجوہات کے باعث کافی کم رکھا جاتا ہے۔
پہلی وجہ تو یہ ہے کہ روزانہ بہت زیادہ تعداد میں لوگ ائیرپورٹس کے اندر داخل اور باہر نکلتے ہیں۔
جب بہت زیادہ تعداد میں لوگ کسی ایک جگہ جمع ہوں تو ان کے جسموں سے بہت زیادہ حرارت خارج ہوتی ہے تو ہجوم کی حرارت اور مشینری کے درست افعال کے لیے ائیرپورٹس میں درجہ حرارت کو کم رکھا جاتا ہے۔
اسی طرح بیشتر ائیرپورٹس میں ایسے کولنگ سسٹمز استعمال کیے جاتے ہیں جو فضا کو صاف کرنے کا کام بھی کرتے ہیں، جس کا مقصد اندرونی فضا کو صحت مند رکھنا ہوتا ہے۔
تو اس ٹھنڈک کی ایک وجہ سرد ہوا کے ساتھ آپ کو صاف ہوا میں سانس لینے میں مدد فراہم کرنا بھی ہے۔
اگر کسی طیارے میں داخلے کے وقت آپ کو اضافی ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے تو اس کی بھی ایک وجہ ہے۔
طیاروں کی جانب لے جانے والے برجز کو سکیورٹی اور تعمیراتی وجوہات کے باعث ٹھنڈا رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ وہ اکثر طیارے جب زمین پر کھڑے ہوتے ہیں تو بڑے ائیر کنڈیشننگ یونٹس سے جڑے ہوتے ہیں اور ان یونٹس کی ٹھنڈک قریبی مسافروں تک پہنچتی ہے۔
ان سب وجوہات کے باوجود کئی بار ائیرپورٹس کافی گرم بھی ہوتے ہیں اور ایسا اکثر اس وقت ہوتا ہے جب وہاں ہجوم ہوتا ہے یا ان ائیرپورٹس میں گلاس سے بنی چھتیں ہوتی ہیں، جن سے سورج کی روشنی اندر داخل ہوکر حرارت پیدا کرتی ہے۔

