محسن نقوی کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام جاری پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ یہ خصوصی ڈنر کراچی کے مشہور ساحلی مقام دو دریا کے ایک ریستوران میں دیا گیا، جہاں کھلاڑیوں اور آفیشلز نے خوشگوار ماحول میں شرکت کی۔
عشائیے میں پی ایس ایل میں شریک تمام فرنچائزز کے مقامی و غیرملکی کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور انتظامی حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے غیر رسمی گفتگو کی اور لیگ کے کامیاب انعقاد کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نہ صرف پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے بلکہ یہ دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے میں بھی کردار ادا کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈنر کا مقصد کھلاڑیوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانا اور لیگ کے دوستانہ ماحول کو مزید مضبوط کرنا تھا۔ تقریب کے دوران کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور خوشگوار لمحات شیئر کیے۔
چیئرمین پی سی بی نے اس موقع پر اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان سپر لیگ کو مزید بہتر بنانے اور شائقین کرکٹ کو اعلیٰ معیار کی تفریح فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے ٹیموں کے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی، سہولیات اور میچز کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کا بھی اعادہ کیا۔

