کراچی:شہرقائد میں گزشتہ روز ہونے والی کشیدگی کے بعد پیر کو صورتِ حال معمول کے مطابق رہی۔
کاروباری مراکز سمیت دفاتر، انڈسٹریل ایریاز اور دیگر سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں کام جاری رہا۔ جامعہ کراچی سمیت متعدد سرکاری و نجی یونیورسٹیز، کالجز اور اسکولز کی بندش کے باعث صبح کے اوقات میں ٹریفک معمول سے کم رہا۔ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کی بیشتر شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں رہی۔
امریکن قونصلیٹ جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق پی آئی ڈی سی چوک سے ایم ٹی خان روڈ سلطان آباد جانے والی روڈکنٹینر لگاکر بند کردی گئی ہے۔پی آئی ڈی سی چوک سے ضیا الدین روڈ سی ایم ہاؤس جانے والی سڑک بھی بند ہے۔
ٹاور سے مائی کلاچی جانے والی روڈ کو بھی بند کر دیا گیا۔ بوٹ بیسن سے مائی کلاچی جانے والی روڈ کو بھی رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا۔ایف ٹی سی سے میٹروپول جانے والا شارع فیصل کا ٹریک دوسرے روز بھی بند ہے۔ ٹریفک کو گورا قبرستان سے یوٹرن کر کے صدر کی طرف بھیجا جارہا ہے۔ ممکنہ احتجاج کے پیش نظر شہر میں سیکورٹی خدشات کے باعث سڑکوں کو بند کیا گیا۔

