شرجیل میمن کاوفاقی وزراپر سندھ حکومت کیخلاف سازشیں کرنے کا الزام

کراچی:سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ وفاقی وزرا اور گورنر ہاؤس سے سندھ حکومت کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں لہٰذا پیپلزپارٹی کی قیادت سے کہتا ہوں وہ وفاقی حکومت سے اس پر جواب طلب کرے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور اس وقت میگا پروجیکٹس کراچی میں بن رہے ہیں، سندھ جو اسکیمیں لارہا ہے وہ کراچی یا حیدرآباد کیلئے نہیں پورے پاکستان کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان سے لوگ علاج کرانے کے لیے کراچی آتے ہیں، جگر کی پیوند کاری کیلئے لوگ ملک سے باہر جاتے تھے لیکن اب سندھ آرہے ہیں، ہمارا ٹارگٹ ہے کوئی علاج کیلئے ملک سے باہر نہ جائے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ڈیجیٹل پورٹل پر کام کر رہی ہے۔تھرپارکر کے کوئلے سے بجلی بنانے کیلئے اربوں روپے خرچ کیے ہیں، سندھ میں جو کسان عورتیں ہیں ان کا ڈیٹا بنایا جا رہا ہے، کسان خواتین کے لیے نئے منصوبے لانا مقصد ہے جب کہ سندھ الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی بھی بن گئی ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کیا ہے جب کہ سندھ کے تمام ڈسٹرکٹ اور ہائی ویز محفوظ ہیں، 120 پولیس مقابلوں میں 28 ڈاکو مارے گئے اور 56 ڈاکوزخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کو ٹارگٹ کرکے سندھ حکومت پر تنقید کی جاتی ہے، ہم مانتے ہیں کراچی میں چیلنجز ہیں، کراچی میں بہت ساری جگہوں پر سڑکوں اور ٹریفک کے مسائل ہیں، کرا چی کی آبادی کا موازنہ شہروں سے نہیں ملکوں سے کرسکتے ہیں،کچھ لوگ کراچی کو ٹارگٹ کرتے ہیں، کراچی کے اپنے مسائل ہیں۔

یہاں ہزاروں کی تعداد میں روزانہ ملک بھرسے لوگ داخل ہوتے ہیں، صحت کی سہولت کے لیے ملک بھر سے لوگ کراچی آتے ہیں، یہاں کے اسپتالوں میں 50 فیصد لوگ باہر سے آتے ہیں، مریضوں پر لاکھوں روپے خرچ ہو رہے ہیں وہ رقم سندھ حکومت ادا کر رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ رمضان کا مہینہ ہے آصف زرداری کی میٹنگ کی خبر کا حقیقت سے تعلق نہیں، رمضان میں جس طرح چاٹ مصالحہ لگایا جاتا ہے ایسی ہی یہ خبر ہے، زرداری صاحب ہمارے بڑے ہیں ڈانٹ سکتے ہیں لیکن جس میٹنگ کی بات ہو رہی ہے اس میں ایسا کچھ نہیں تھا۔

سیاسی یتیم جتنے اب جمع ہوگئے ہیں ان کا کام ہی اب یہ ہے۔ وفاقی کی حکومت ہر وقت پیپلزپارٹی سے مدد مانگتی ہے، ہم وفاقی حکومت کو سپورٹ کررہے ہیں، اتحادی نہیں ہیں۔