پاکستان اور فلپائن معاشی تعاون بڑھانے پر متفق

پاکستان اور فلپائن نے اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور طے شدہ اقدامات کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے زراعت کے شعبے میں بیجوں کی تیاری، اقسامِ نباتات کے تحفظ، معیار کی یقین دہانی اور کمیونٹی بنیادوں پر آبپاشی اقدامات میں تعاون پر زور دیا، جبکہ پاکستان نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے متعلقہ سرمایہ کاری بورڈز کے مابین مفاہمتی یادداشت اور سرمایہ کاری سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز بھی دی۔

پاکستان اور فلپائن کے مشترکہ اقتصادی کمیشن (جے ای سی)کا دوسرا اجلاس فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور فلپائن کے محکمہ تجارت و صنعت کے انڈر سیکرٹری برائے بین الاقوامی تجارت ایلن بی گیپٹی نے کی۔ اجلاس میں فلپائن میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر عاصمہ ربانی اور پاکستان میں تعینات فلپائنی سفیر ڈاکٹر ایمانوئل فرنانڈیز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

فریقین نے عالمی اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور اپنی اپنی معیشتوں کے منظرنامے اور تجارتی پالیسی ترجیحات سے متعلق تازہ معلومات شیئر کیں۔باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے اس امر کا اعتراف کیا گیاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے نمایاں صلاحیت موجود ہے۔ پاکستان نے زرعی اجناس اور حلال سرٹیفائیڈ مصنوعات میں برآمدی مواقع کو اجاگر کیا اور کاروباری تبادلوں، تجارتی نمائشوں اور مخصوص بزنس فورم کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔

فریقین نے نجی شعبے کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان-فلپائن مشترکہ بزنس کونسل کو دوبارہ فعال بنانے کی حمایت کی۔پاکستان نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے متعلقہ سرمایہ کاری بورڈز کے مابین مفاہمتی یادداشت اور سرمایہ کاری سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز بھی دی۔ اجلاس میں مارکیٹ تک رسائی کے مسائل پر بھی بات چیت کی گئی، پاکستان نے اپنی زیر التوا درخواستوں کے جلد حل پر زور دیا اور دونوں فریقوں نے قائم کردہ چینلز کے ذریعے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔