عارف حبیب گروپ کی سربراہی میں قائم کنسورشیم نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز میں حکومت کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص بھی خرید لے گا،اس پیشرفت پر عملدرآمد کے بعد بعد قومی فضائی کمپنی کا مکمل اختیار نجی شعبے کے پاس آ جائے گا۔دسمبر 2025ء میں گروپ نے 135 ارب روپے کے عوض پی آئی اے کے 75 فیصد حصص حاصل کیے گئے تھے۔
بحالی کے منصوبے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے کنسورشیم اب فیصلہ سازی کا مکمل اختیار حاصل کرنا چاہتا ہے۔عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہد علی حبیب نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اپریل کے اختتام تک انتظامی تبدیلیاں نافذ کر دی جائیں گی۔جس کے بعد کمپنی مکمل طور پر نجی ادارے کے طور پر کام کرے گی اور حکومت کی جانب سے نامزد ارکان شامل نہیں ہوں گے۔
ان کے مطابق سرپرستوں کی تبدیلی اپریل کے آخر یا مئی کے آغاز میں متوقع ہے۔حکومت نے کنسورشیم کو باقی حصص جن کی مالیت تقریباً 45 ارب روپے ہے خریدنے کے لیے 90 دن کی مہلت دی ہے اور اس کی آخری تاریخ اپریل کے اختتام پر مقرر کی گئی ہے۔جنوری میں طے پانے والے معاہدے کے تحت رقوم کی منتقلی کے لیے 12 ماہ کی مدت رکھی گئی ہے جس سے یہ خریداری قابلِ عمل ہو گئی ہے۔
کامیاب کنسورشیم میں فاطمہ فرٹیلائزر 34.1 فیصد، فوجی فرٹیلائزر کمپنی 33.9 فیصد، لیک سٹی 16 فیصداور سٹی اسکول بمع اے کے ڈی گروپ 16 فیصدشامل ہیں۔نئی انتظامیہ کو 125 ارب روپے کی مالی معاونت حاصل ہوگی جس کے ذریعے اصلاحات نافذ کی جائیں گی اور قومی فضائی کمپنی کی نئی شناخت کے لیے سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔

