9 فروری، محمد افضل گورو کا یوم شہادت، کشمیری عوام کی دعائیہ تقریبات اور احتجاج

مقبوضہ جموں و کشمیر اور لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب آج تحریکِ آزادی کشمیر کے رہنما محمد افضل گورو کا یومِ شہادت منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کشمیری عوام ان کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

محمد افضل گورو کو 9فروری 2013ء کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی۔ ان پر بھارتی پارلیمنٹ حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا، تاہم کشمیری قیادت اور مختلف انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان کے ٹرائل کو متنازعہ قرار دیا اور اسے شفاف عدالتی تقاضوں کے منافی بتایا۔

رپورٹس کے مطابق افضل گورو کو پھانسی دینے کے بعد ان کی میت اہلِ خانہ کے حوالے نہیں کی گئی اور انہیں تہاڑ جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دیا گیا، جس پر انسانی اور اخلاقی اقدار کی خلاف ورزی کے الزامات بھی سامنے آئے۔

کشمیری حلقوں کا کہنا ہے کہ محمد افضل گورو کی پھانسی نے مقبوضہ کشمیر میں پہلے سے موجود بے چینی میں مزید اضافہ کیا اور حقِ خودارادیت کے مطالبے کو مزید تقویت ملی۔ یومِ شہادت کے موقع پر مختلف علاقوں میں دعائیہ تقریبات اور خاموش احتجاج بھی کیے جا رہے ہیں۔