لاہور:ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے بھارت کے ساتھ میچ کے بائیکاٹ کے معاملے پر بات چیت کے لیے آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین پاکستان پہنچ گئے۔
آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ لاہور پہنچے ہیں، سنگاپور سے تعلق رکھنے والے عمران خواجہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کریں گے۔
ان سے قبل بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں وہ بھی ملاقات میں شریک ہوں گے، ملاقات کا ایجنڈا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کو بھارت سے رائونڈ میچ کھیلنے پر آمادہ کرنا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان بنگلا دیش سے اظہار یکجہتی کے طورپر ورلڈکپ میں بھارت سے میچ نہ کھیلنے کا اعلان کرچکا ہے۔ بنگلا دیش نے بھارت میں سیکورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی جو آئی سی سی نے رد کردی تھی اور بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ایونٹ میں شامل کرلیا۔
جوابی اقدام کے طورپر پاکستان نے بھارت سے رائونڈ میچ کھیلنے سے انکار کیا ہے جس کے باعث آئی سی سی کو بھاری مالی نقصان پہنچ سکتاہے ، پاک بھارت میچ کولمبو میںشیڈول ہے۔

