عوام نے پہیہ جام کی کال مستردکردی،اپوزیشن ایوان میں آئے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے اپوزیشن جماعتیں احتجاج کی سیاست نہ کریں ایوان میں آئیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر میں مائی کراچی نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ قوم نے پہیہ جام کی کال مسترد کر دی،ہماراملک ہڑتال جیسی سرگرمیوں کامتحمل نہیں ہوسکتا،اتوارکے روزبھی شہریوں نے دکانیں کھولی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2022 ء میں فلڈ آیا،اس سے بھی ہم نکل آئے،ماضی میں کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ اس طرح کی تقریبات شہرمیں ہوسکیں گی، صرف یہ پیغام دینے کے لیے کہ ایسی ایکٹیوٹیزکا پاکستان متحمل نہیں ہوسکتا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جماعتوں کوکہوں گا آگے کی طرف دیکھیں، پی پی نے2007 ء میں اپنی لیڈر کو شہید ہوتے دیکھا لیکن ہم اس وقت سے بھی نکل آئے، صدر پاکستان نے اس وقت بھی کہا تھا کہ ہمیں پاکستان چاہیے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ انڈسٹریزاپنی ٹریڈ کو روکنے کی کوشش کریں گی تو یہ اچھی بات نہیں، احتجاج کی سیاست نہ کریں ایوان میں آئیں، جمہوریت کوکسی صورت نقصان نہیں پہنچاناچاہیے، چیلنجزکے باوجود کراچی آگے بڑھ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی جیسے سانحات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں، سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکومت متاثرین کومکمل سپورٹ کرے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے عمارتوں کا سروے کرایا ہے، کے فور کی شروعات 10 سے 11 سال پہلے ہوئی تھی، کے فور پر میں کسی اور کو نہیں اپنے آپ کو الزام دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے مین لائن کے کام کی ذمے داری خود سنبھالنے کا اعلان کیا تھا، لیکن ایک شخص نے 3 سے 4 سال کے لیے کے فور پر کام روک دیا۔