اسلام آباد/دوحہ/ ماسکو/ واشنگٹن/ انقرہ/بیجنگ/نیویارک :قطر،روس، امریکا، ترکیہ،تاجکستان،اقوام متحدہ اور چین سمیت دیگر ملکوں نے اسلام آبادمیں خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان سے مکمل یکجہتی اور ہر ممکن تعاون کا اعلان کیا ہے۔
اپنے بیان میں قطری وزارت خارجہ نے اسلام آباد کی مسجد میں خودکش دھماکے کی مذمت کی ۔ترجمان قطری وزارت خارجہ نے کہاکہ ایک مسجد کو نشانہ بنانے والے بم دھماکے کی بھرپور میں مذمت کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ دھماکے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے اور ہم دہشت گردی اورمجرمانہ کارروائیوں کیخلاف غیر متزلزل موقف کا اعادہ کرتے ہیں۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو تعزیتی خطوط بھیجے گئے ۔اپنے خطوط میں روسی صدر نے اسلام آباد دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پر صدر مملکت اور وزیر اعظم سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مذہبی اجتماع کے دوران شہریوں کا قتل بربریت کا ثبوت ہے۔
روسی صدر نے اپنے خط میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔روسی صدر پیوٹن نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
چین، امریکا، برطانیہ، افغانستان، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، ترکیہ، آسٹریلیا اور جرمنی سمیت دنیا کے کئی ممالک نے بھی اسلام آباد حملے کی مذمت کی ہے۔
چین کے سفارتخانے کی جانب سے اسلام آباد دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں، متاثرین کے دکھ میں شریک ہیں۔ افغان وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا کہ مسجد پر حملے کے نتیجے میں نمازیوں کی شہادت، زخمی ہونے پرگہریدکھ کا اظہارکرتے ہیں۔
افغان وزارت خارجہ نے کہا کہ مساجد اور مقدس مذہبی شعائرکونشانہ بنانا اسلامی اور انسانی اقدارکے منافی ہے، عبادت گزاروں اورعام شہریوں کونشانہ بنانے والے حملے ناقابل قبول اورقابل مذمت ہیں۔
کینیڈا کے ہائی کمشنر نے اسلام آباد خودکش حملے کو انسانیت پر حملہ قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔متحدہ عرب امارات نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای ان مجرمانہ کارروائیوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور ہر قسم کے تشدد، انتہاپسندی اور دہشت گردی کو مسترد کرنے کے اپنے مستقل مؤقف کی توثیق کرتا ہے جو امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کیلئے کی جاتی ہیں۔
امریکی سفارت خانے نے جاری پیغام میں کہا کہ امریکا اسلام آباد میں ہوئے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں بے گناہ نمازی جاں بحق اور زخمی ہوئے، امریکا اس واقعے سمیت ہر قسم کی دہشت گردی اور تشدد کی مذمت کرتا ہے۔
ترجمان ترک وزارت خارجہ نے کہا کہ اسلام آبادمیں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہم اس گھناؤنے حملے میں جان بحق ہونے والوں کیلئے اللہ تعالیٰ کی رحمت کے طلب گار ہیں۔
برادر مسلم ملک سعودی عرب نے بھی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گزاروں کو نشانہ بنانا، بے گناہ شہریوں کا خون بہانا کھلی دہشت گردی ہے، شہدا کے اہلخانہ، حکومتِ پاکستان اور عوام سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسلام آباد میں دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہر قسم کی دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کی بلاامتیاز مخالفت کرتا ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر نے کہا کہ اسلام آباد میں ہولناک حملہ انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، ہمارے خیالات تمام متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں، برطانیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
جمہوریہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے اسلام آباد کی مسجد میں دہشت گردانہ حملے میں معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظمِ محمد شہباز شریف کے نام تعزیتی پیغام ارسال کرتے ہوئے کہا کہ تاجکستان اس بہیمانہ دہشت گردانہ کارروائی اور عمومی طور پر دہشت گردی کی تمام اقسام اور مظاہر کی سخت مذمت کرتا ہے۔
ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق پیغام میں تاجکستان کے صدر نے شہداء کیلئے مغفرت جبکہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کی۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد کی مسجد میں عبادت گزاروں پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس امر کا اعادہ کیا کہ شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والے حملے ناقابلِ قبول ہیں، انہوں نے زور دیا کہ اس حملے کے ذمہ داروں کی نشاندہی کی جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
سیکرٹری جنرل نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے نیک تمنائو ں کا اظہار کیا۔انہوں نے دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف کوششوں میں حکومتِ پاکستان اور عوامِ پاکستان کے ساتھ اقوامِ متحدہ کی مکمل یکجہتی کا بھی اعادہ کیا۔
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں خودکش حملہ کے بعد دنیا بھر سے ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار کیلئے موصول ہونے والے پیغامات پر دوست ممالک اور عالمی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر ایک بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام آباد میں دل دہلا دینے والے خودکش حملے کے بعد دنیا بھر سے ہمیں ہمدردی اور یکجہتی کے جو پیغامات موصول ہوئے ہیں، ہم اُن کیلئے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششوں میں ہمارے دوستوں اور شراکت داروں کی حمایت اور تعاون ہمیشہ سے نہایت اہم رہا ہے، اس نازک گھڑی میں بہادر پاکستانی قوم متحد رہے اور دہشت گردی کو شکست دینے کے اپنے عزم پر پہلے کی طرح مضبوطی سے قائم رہے۔

