ایکسپو سینٹر میں تین روزہ 21ویں مائی کراچی نمائش شروع

کراچی چیمبر آف کامرس کے تحت ایکسپو سینٹر میں تین روزہ 21 ویں مائی کراچی نمائش کا آغاز ہوگیا، نمائش میں 300سے زائد پاکستانی کمپنیوں کے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مائی کراچی نمائش کا افتتاح کیا، افتتاحی تقریب میں وزیر صنعت جام اکرام، معروف بزنس مین عارف حبیب، زبیرموتی والا سمیت دیگر صنعت کاروں اور مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی۔ مائی کراچی نمائش میں پاکستانی مصنوعات کو ترجیحی طور پر پیش کیا گیا ہے۔

مائی کراچی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلی سندھ نے نمائش کے منتظمین اور تاجروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش شہر کے کاروبار، ثقافت اور کمیونٹی کی اہم تقریب بن چکی ہے، 20-21 سال قبل کراچی کے سنگین حالات میں مائی کراچی نمائش کا آغاز کیا گیا جو اب اس شہر کے کلینڈر میں شامل ہوچکی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر کو سانحات سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت کو ہر فرد کا تعاون درکار ہے، شہدائے گل پلازہ کے لیے دعاگو ہوں، کوشش کی ہے کہ گل پلازہ سانحے کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، شہدا کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے امدادی رقم کی تقسیم شروع ہوگئی ہے، کراچی چیمبر نے ہمیں گل پلازہ کے دکانداروں کی فہرست بناکر دی۔ ہم نے متاثرہ دکان داروں کو 5-5 لاکھ روپے دینا شروع کیے ہیں، متاثرین کے کاروباری سامان کے نقصان کا تخمینہ لگاکر ادائیگی کریں گے، شکر گزار ہوں کہ کچھ بلڈرز نے عارضی دکانیں متاثرین گل پلازہ کو دینے میں معاونت کی، دو ماہ میں متاثرین گل پلازہ کو امدادی رقم اور متبادل جگہ دیں گے، گل پلازہ میں جتنی دکانیں تھیں اتنی ہی دکانیں بنائیں گے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس سال 10 ارب روپے جون تک انڈسٹریل انفراسٹریکچر پر خرچ کریں گے، صنعتی ایسوسی ایشنز خود منصوبوں پر کام کریں، میئر کراچی کو کابینہ نے 18 ارب روپے دینے کی منظوری دی ہے، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن سے بات کی ہے، 21 ارب روپے انفراسٹرکچرل بہتری کے لیے الگ رکھے ہیں، کراچی پاکستان کا مالی و تجارتی مرکز ہے جو ملکی پیداوار کا 25 فیصد اور سندھ کی معیشت کا 90 فیصد کراچی پیدا کرتا ہے، کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم شہر کی تجارتی اہمیت میں اضافہ کرتے ہیں۔