امریکی حملے پرایران کی بڑی دھمکی

تہران:ایران کے سپریم لیڈرخامنہ ای نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو یہ جنگ پورے خطے میں پھیل جائے گی۔

خامنہ ای کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو چکا ہے اور امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کے بارے میں مسلسل دھمکی آمیز بیانات دیے جارہے ہیں۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق خامنہ ای نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بار بار جنگی جہازوں کی روانگی کا ذکر کرتے ہیں لیکن ایرانی قوم ایسی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوگی۔

خامنہ ای نے کہا کہ ٹرمپ مسلسل کہتے ہیں کہ وہ جہاز لے آئے ہیں۔ ایرانی قوم ان باتوں سے نہیں ڈرے گی اور نہ ہی ایرانی عوام ان دھمکیوں سے مرعوب ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی ملک پر حملے کا آغاز نہیں کرتے اور نہ ہی ایسا چاہتے ہیں، لیکن اگر کوئی ایرانی قوم پر حملہ کرے یا اسے ہراساں کرے گا تو ایرانی قوم اسے سخت جواب دے گی۔