ایرانی رہبر اعلیٰ کی نماز جنازہ میں شرکت، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیرِاعظم شہباز شریف ایران پہنچ گئے

تہران: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے الگ الگ وفود کی صورت ایران پہنچ گئے۔
تہران پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا سینئر ایرانی حکام نے استقبال کیا، جبکہ اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف بھی ایک روزہ دورے پر ایرانی دارالحکومت پہنچے۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نیر حسین بخاری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود ہیں۔
اپنے دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کریں گے اور برادر ایرانی قوم کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ بھی کریں گے۔
وزیرِ اعظم نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد تہران سے ترکیہ کے دورے پر استنبول روانہ ہوں گے۔