کوئٹہ:بلوچستان میں درجہ حرارت منفی 12 تک جم گیا جہاں بہتا پانی بھی جمنے لگا ہے، جس سے نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا۔
صوبے کے شمالی اور بالائی علاقوں میں برفباری رکنے کے باوجود شدید سردی اور سائبرین ہواؤں کا سلسلہ برقرار ہے۔ کوئٹہ، قلات، چمن اور زیارت میں درجہ حرارت منفی سطح پر گرنے سے گھروں کی پائپ لائنوں میں پانی جم گیا، جس کے باعث شہریوں کو پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
شدید سردی کے باعث تالابوں، سڑکوں اور کھلے مقامات پر پانی منجمد ہو گیا ہے۔ کوئٹہ زیارت شاہراہ متعدد مقامات پر برف سے ڈھکی ہوئی ہے۔ انتظامیہ نے اگلے 24 گھنٹوں تک سیاحوں کے زیارت جانے پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ این 50 ژوب ہائی وے کئی مقامات سے بند ہے۔

