امریکا میں سائنس دانوں نے ایک جدید روبوٹ تیار کر لیا ہے جو انسانی ہونٹوں کی حرکات کا مشاہدہ کر کے ان کی نقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کولمبیا یونیورسٹی کے انجینئرز کے مطابق یہ روبوٹ بولنے یا گانے کے دوران ہونٹوں کی حرکت کو پہلی ہی بار میں سیکھ کر دہرانے کے قابل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی روبوٹکس کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
تیار کردہ روبوٹ نے اپنے 26 فیشل موٹرز کی مدد سے یوٹیوب پر موجود گھنٹوں کی ویڈیوز دیکھ کر یہ مہارت حاصل کی، جبکہ آئینے میں اپنے عکس کو دیکھ کر ہونٹوں کی حرکات کی مسلسل مشق بھی کی۔
یونیورسٹی کی کریئیٹو مشینز لیب کے انجینئرز کا کہنا ہے کہ روبوٹ جتنا زیادہ انسانوں کے ساتھ تعامل کرے گا، اس کی کارکردگی اتنی ہی بہتر ہوتی جائے گی۔
اس سے قبل روبوٹس کے لیے انسانی انداز میں ہونٹوں کو حرکت دینا ایک بڑا چیلنج سمجھا جاتا تھا، تاہم ماہرین کے مطابق یہ کامیابی مستقبل میں روبوٹس کو مزید قدرتی اور انسانوں کے قریب بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

