کراچی:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے،آئینی ترمیم کو مسترد کرنا کسی عدالت کے اختیار میں نہیں،آئینی عدالت بنا کر میثاق جمہوریت کا نامکمل ایجنڈا مکمل کیا،آئینی عدالت ایسی نہ ہو جو ڈیم بنانے نکل جائے،وزیراعظم کو گھربھیج دے،امید ہے آئینی عدالت عوام کے اعتماد کوبحال کرے گی۔
اٹھارہویں ترمیم میں جو کمی رہ گئی تھی وہ ستائیسویں ترمیم میں دور کردی،صوبائی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،عوام کے حقوق کا ہر قیمت تحفظ کریں گے، کسی ایسے عمل کا ساتھ نہیں دیں گے جس سے وفاق کمزور ہو۔
اتوار کو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ پاکستان کے ماضی اور مستقبل سے جڑی ہوئی ہے، ہمارا فلسفہ ہے کہ ہم نے ملک کے متوسط اور پسماندہ طبقے کی نمائندگی کرتے ہوئے انہیں معاشی طور پر مضبوط کرنا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ ہم ایسے کسی فیصلے میں ساتھ نہیں دیں گے جس میں صوبوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جائے، آئینی ترمیم پر نظرثانی کا اختیار صرف پارلیمنٹ کے پاس ہے، کوئی عدالت یا جج آئینی ترمیم کو کالعدم قرار نہیں دے سکتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دوسرے اداروں کی پارلیمان کے دائرہ کار میں مداخلت قبول نہیں، ماضی میں مداخلت کا نقصان ہمیشہ عوام نے بھگتا ہے، پارلیمان کے اختیارات اور دائرہ کار کا تحفظ کریں گے، آئین سازی پارلیمنٹ کا حق ہے اسے کوئی نہیں چھین سکتا۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم صوبوں کے حقوق کا سب سے بڑا تحفظ ہے، این ایف سی ایوارڈ صوبوں کے معاشی حقوق کی ضمانت ہے، پیپلز پارٹی صوبوں کے معاشی و آئینی حقوق کی محافظ ہے، کوئی بھی فیصلہ جس سے وفاق کمزور ہو، پیپلز پارٹی قبول نہیں کریگی۔
انہوںنے کہاکہ ملک میں فالٹ لائنز تھیں اور ہیں، 18ویں آئینی ترمیم کر کے وفاق کو مضبوط کیا۔انہوںنے کہاکہ اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی پر تنقید کرنے والوں کو اندازہ نہیں کہ ہم نے علیحدگی پسند سیاست دفن کر دی، کچھ لوگ این ایف سی اور اٹھارویں ترمیم سے کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس سے کھیلنا آگ سے کھیلنے کے برابر ہوگا۔
بلاول بھٹوزر داری نے کہاکہ ملکی ترقی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔سلامتی کے معاملے پر سب کو متحد ہونا ہوگا۔میثاق جمہوریت کے تحت کچھ وعدے ابھی باقی ہیں جنہیں پورا کرنے کی کوشش جاری ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سوفٹ اور ہارڈ پاور کے ذریعے ایک بار پھر تاریخ رقم کریں گے۔

