”آپ رل جائیں گے”محسن نقوی کی مسافرسے مشفقانہ گفتگو

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اچانک دورے کے دوران روزگار کے لئے بیرون ملک جانے والے نوجوان سے دلچسپ گفتگو کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

وائرل ویڈیو میں محسن نقوی ایئرپورٹ پر روکے جانے والے ایک نوجوان کے متعلق امیگریشن اہلکار سے دریافت کرتے ہیں کہ اس کا کیا معاملہ ہے؟ امیگریشن اہلکار بتاتا ہے کہ نوجوان ورک ویزے پر سعودی عرب جا رہا ہے لیکن ڈرائیونگ لائسنس نہیں۔ویڈیو میں محسن نقوی کا مسافر کو سمجھاتے ہوئے شفقت بھرا انداز دیکھا جا سکتا ہے۔

وزیر داخلہ نے سوال کیا کہ ڈرائیونگ لائسنس کہاں ہے؟ گاڑی چلانی آتی ہے؟ پاکستان میں ڈرائیونگ لائسنس بنوایا؟ مسافر نے جواب دیا کہ گاڑی چلانی آتی ہے لیکن لائسنس نہیں ہے اور نہ ہی بنوایا۔

محسن نقوی نے کہا کہ آپ ڈرائیونگ کی ملازمت کیلئے وہاں جا رہے ہو لیکن ڈرائیونگ لائسنس ہی نہیں ہے، جس نے آپ کو یہ سب کچھ کروا کر دیا اس نے آپ سے صرف پیسے کھائے ہیں۔

وزیر داخلہ نے نوجوان کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میرا وعدہ ہے آپ کو سعودی عرب بھیجوں گا لیکن پہلے یہاں ڈرائیونگ لائسنس بنوا ئوکیونکہ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر وہاں جا کر دھکے کھا ئو گے خراب ہو جا ئو گے، کوئی تمھاری بات نہیں سنے گا۔ ڈرائیور کی نوکری ہے اور لائسنس نہیں، وہاں سعودیہ والوں نے آپ کا اچھی طرح ٹیسٹ و امتحان لینا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے سٹاف کو نوجوان مسافر کی سیٹ ائیرلائن سے کہہ کر ایک ہفتے آگے کروانے اور نمبر لیکر لائسنس بنوا کر دینے کی ہدایت کر دی۔ محسن نقوی کے مسافر سے شفقت بھرے انداز کو ایئرپورٹ پر دیگر مسافروں نے بھی سراہا۔