پاکستان اور مصر سیاسی، دفاعی اور معاشی شراکت داری بڑھانے پرمتفق

اسلام آباد:پاکستان اور مصر نے سیاسی، دفاعی اور معاشی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔اسلام آباد میں نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد العاطی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مصری وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے، دونوں ممالک میں سیاسی ڈائیلاگ اور معاشی شراکت داری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، اس کے علاوہ دفاع سمیت باقی تمام شعبوں میں بھی تعاون کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا میں مصر کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے، مصری وزیر خارجہ کے دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، پاکستان مصر کے ساتھ 250 بزنس ہائوسز کی فہرست شیئر کرے گا، ان بزنس ہائو سز میں معیشت کے تمام شعبے شامل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیمبر آفس کامرسز اور کاروباری فیڈریشن سے اس میں مشاورت کریں گے، چھ ماہ بعد اس لسٹ میں 250 بزنس ہائوسز مزید شامل ہوں گے، پاکستان اور مصر کا بزنس فورم بنایا جائے گا، فورم کا پہلا اجلاس مصر میں ہوگا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مصری وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران غزہ سمیت عالمی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، جموں و کشمیر اور افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مصر نے پاکستانی طلبا کے اسکالر شپ ڈبل کرنے کا اعلان کیا ہے، الاظہر یونیورسٹی میں اسکالر شپس دیے جائیں گے۔

اس موقع پرمصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور پشاور میں دہشت گرد حملوں میں ہونے والے جانی نقصان پر پاکستانی حکومت اور عوام سے تعزیت کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ مصر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، دہشت گردی و شدت پسندی سے نمٹنے کے لئے پاکستان سے تعاون کریں گے۔مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات ہیں۔

پاکستان اور مصر کی دوستی باہمی مفاد اور احترام پر مبنی ہے، سیاسی ڈائیلاگ، معاشی شراکت داری، دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے اور مشترکہ سرمایہ کاری کیلئے پرعزم ہیں، زراعت، ادویہ سازی، لائیواسٹاک کے شعبوں میں پاکستان سے تعاون بڑھائیں گے۔

ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی کا کہنا تھا کہ غزہ کی تعمیر نو میں پاکستان کے کردار اور تعاون کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مصر،اسرائیل اور فلسطین تنازعے کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ تنازع فلسطین کا دوریاستی حل ہی قابل عمل اورپائیدار ہے۔

قبل ازیں مصر کے وزیرخارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمدعبدالعاطی وزارت خارجہ پہنچے جہاں نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔پاکستان اور مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں معیشت، دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں اپنے انٹرویو میںمصری وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ پاکستان غزہ کی تعمیرِ نو اور بحالی میں زیادہ بڑا کردار ادا کرے۔

مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ استحکام فورس کے بارے میں ہمارا موقف واضح ہے کہ اس کا بنیادی مینڈیٹ جنگ بندی کی زمینی سطح پر نگرانی کرنا ہے تاکہ دونوں فریق اپنے وعدوں پر قائم رہیں اور غزہ کی سرحدوں کو محفوظ بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ان ممالک پر بھی اتفاق کرنا ہوگا، جو فوجی دستے فراہم کریں گے، مشن، مینڈیٹ، ضمانتوں اور تحفظات پر بھی، سب کچھ ابھی زیرِ غور ہے۔