شہر میں سٹریٹ کرائمز کتنے فیصد کم ہوئے؟ایڈیشنل آئی جی کراچی کا بڑا دعویٰ

کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ شہر میں سٹریٹ کرائمز میں 14 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

جاوید عالم اوڈھو نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ کرائمز میں مسلسل کمی آ رہی ہے، اور 14 فیصد کمی واقع ہو چکی ہے، سی سی ٹی وی کیمروں نے کرائم کی بیخ کنی میں بڑا اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ 90 کی دہائی ایسا دور تھا جب بدامنی عروج پر تھی، ہم اس دور سے گزر گئے، اس شہر کے لوگوں نے بہت سختیاں جھیلیں، پولیس کے جوانوں نے قربانیاں دیں لیکن امن قائم کیا۔

ایڈیشنل آئی جی نے کہا ہم نے باریک بینی سے بھتہ طلبی کے کیسز کا جائزہ لیا، بھتے کے بہت سے کیسز کے معاملات کاروباری لین دین کے نکلے، بھتہ خوری کے کیسز میں 5 گینگسٹرز مارے گئے جب کہ 40 سے زائد گرفتار ہوئے، شوروم پر فائرنگ والے بھتہ کیس کے ملزم بھی گزشتہ شب پکڑے گئے۔

شاہین فورس کے بارے میں جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ یہ فورس سب سے زیادہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں متحرک ہے، موٹر سائیکل پر پولیس اہلکار کا پہنچنا اور کرمنل کو پکڑنا آسان ہوتا ہے، میں نے حکومت سے مستقبل میں فیلڈ پولیسنگ کے لیے موٹر سائیکلیں مانگی ہیں۔انھوں نے کہا کہ کراچی میں وائلنٹ کرائم کی شرح گزشتہ سال کی نسبت 55 فیصد کم ہوئی ہے۔