گجرات/کراچی:پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد ہوشیار ہوجائیں!جعلسازوں کا نیٹ ورک سرگرم ہے اور شہریوں کو دھوکہ دے کر رقم بٹورنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)گوجرانوالہ زون نے گجرات میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات تیار کرنے والے نیٹ ورک کے اہم کارندے کو گرفتار کر لیا۔
ملزم کے قبضے سے درجنوں ممالک کے جعلی پاسپورٹس، ویزا اسٹیکرز اور تیاری میں استعمال ہونے والا بھاری سامان برآمد ہوا ہے۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ کارروائی گجرات کے علاقے محلہ ضیا الاسلام، تیمور چوک میں کی گئی جہاں سے ملزم نصیر احمد کو حراست میں لیا گیا۔
ملزم کے قبضے سے برطانیہ، کینیڈا، اسپین اور بیلجیئم سمیت متعدد ممالک کے پاسپورٹس جبکہ امریکا، برطانیہ، جاپان، ترکی اور میکسیکو کے جعلی ویزا اسٹیکرز سمیت پاسپورٹ لیمی نیشن مشین، کٹر، ڈرل مشین، کینیگرام اسٹیکرز، پاسپورٹ میٹریل، جعلی شناختی کارڈز اور تعلیمی اسناد برآمد ہوئیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نصیر احمد گزشتہ 7 سے 8 سال سے اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہے اور سادہ لوح شہریوں کو بیرونِ ملک بھیجنے کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹور رہا تھا۔حکام نے انکشاف کیا ہے کہ اس وسیع نیٹ ورک میں کئی سرکاری اداروں کے اہلکاروں کے ملوث ہونے کا بھی قوی شبہ ہے۔
ادھرایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے کراچی میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ویزہ ٹیمپرنگ میں ملوث ایک منظم گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ایف آئی اے افسر محمد آفتاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس گھناؤنے دھندے کی تفصیلات میڈیا کے سامنے پیش کر دیں۔محمد آفتاب نے بتایا کہ اس نیٹ ورک کا انکشاف اس وقت ہوا جب متحدہ عرب امارات سے ایک مسافر کو ڈی پورٹ کر کے پاکستان واپس بھیجا گیا۔
ابتدائی انکوائری کے بعد ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹریول ایجنسی سے وابستہ تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تحقیقات میں یہ انکشاف سامنے آیا کہ یہ گروہ نہایت مہارت سے فیملی ویزہ کو ٹیمپر کر کے انفرادی ویزہ میں تبدیل کر دیتا تھا، ملزمان ہر مسافر سے اس غیر قانونی کام کے عوض 2لاکھ 40 ہزار روپے وصول کرتے تھے۔ایف آئی اے افسر کا کہنا تھا کہ مسافروں کو اپنی ویزہ تبدیلی اور دھوکہ دہی کا علم اس وقت ہوتا تھا جب وہ دبئی ایئرپورٹ پہنچتے تھے، جہاں انہیں داخلے سے روک کر ڈی پورٹ کر دیا جاتا۔
حیرت انگیز طور پر یہ گروہ ڈی پورٹ ہو کر آنے والے افراد کے ویزے بھی مبینہ طور پر دوبارہ ٹیمپر کر کے انہیں دھوکہ دینے کی کوشش کرتا تھا۔ایف آئی اے نے ملزمان کے قبضے سے 21 پاسپورٹس اور دیگر اہم سفری دستاویزات برآمد کرلیں جبکہ ملزمان کے موبائل فونز کے فرانزک تجزیے سے ویزہ ٹیمپرنگ کے واضح اور ناقابلِ تردید شواہد ملے ہیں۔

