بھارت جنگ بری طرح ہارا’ کشمیریوں کو لڑانے کی سازش بھی ناکام ہوگی،بلاول بھٹو

مظفرآباد/اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بھارت جنگ بری طرح ہارا’ کشمیریوں کو لڑانے کی سازش بھی ناکام ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مظفر آباد میں نو منتخب وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتازراٹھور کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ بھارت سے جنگ کے بعد پاکستان کا اسٹینڈرڈ سب کے سامنے ہے اور مودی دنیا سے منہ چھپا رہا ہے، کشمیر کے عوام کو مبارک باد دیتا ہوں، اب کہہ سکتا ہوں کہ ہم نے کشمیر میں سیاست کو بحال کیا،ہم بند کمروں میں بیٹھ کر آزاد کشمیر کی حکومت نہیں چلائیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جب آپ کا نمائندہ آپ کی نمائندگی نہیں کرسکتا تو عوام کو خودجدوجہدکرنا پڑتی ہے، کشمیرکے عوام جب سراپا احتجاج تھے تو فیصل راٹھور اس کوبھی دیکھ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب مظفرآباد میں آپ کا نمائندہ فیصل راٹھور ہے، فیصل راٹھور نے عوام سے جو وعدے کیے وہ میرے پاس آپ کی امانت ہیں۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر عمران خان کو اقتدار دیاگیا تھا، میں خود انتخابات میں آپ کے پاس آیا تھا، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان نے مایوس نہیں کیا، جتنا سیاسی شعور کشمیر میں ہے اتنا کہیں نہیں ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیر سے پیپلز پارٹی کا 3نسلوں کا رشتہ ہے، ذوالفقار علی بھٹو کے قتل پر مظفرآباد اور سری نگر میں بھی احتجاج ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے بتایا تھا جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون گرے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہناتھا کہ بھارت پاکستان اور کشمیر کا جو بھائی چارہ ہے اسے نقصان پہنچاتا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ جنگیں بھی ہارے اور اب سازش بھی ہارو گے۔

اس موقع پر آزادکشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل راٹھور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری،فریال تالپور اور بلاول بھٹو زرداری کا شکر گزار ہوں کہ یہ ذمہ داری سونپی،مشکل وقت میں یہ ذمہ داری نبھانا آسان نہیں، آزاد کشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اتروں گا،پیپلز پارٹی نے عوام کے ساتھ دوبارہ رشتہ جوڑنے کی ذمے داری اٹھائی ہے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ جو کشمیر کے عوام یہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ اپنے نمائندوں سے دور ہو گئے ہیں اس وقت میں نے عوام کے ساتھ دوبارہ رشتہ جوڑنے کی ذمہ داری اٹھائی ہے، پاکستان آرمی اور اس کے مقامی کمانڈ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو اپنی جانون کی قربانیان دے کر ہمارا دفاع کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے کم وقت میں ڈیلیور کرنا ہے۔میرے آج سے دس پندرہ سال کے پہلے کے اثاثے اور جب یہاں سے جاؤں گا اس وقت کے بھی اپنے اثاثے دکھا کر جاؤں گا۔ اخلاص اور دیانتداری سے معاملات لیکر چلوں گا۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہاکہ ہماری شکل اور لباس پر مت جائیں سفید پوشی سے سیاست کررہے ہیں۔یہ تاثر غلط ہے کہ حکمران طبقہ صرف عیاشیوں اور ذاتی مفادات کے لیے آتا ہے،سب سے بڑی قربانی ہی سیاست دان دیتا ہے۔

اپوزیشن کو یقین دلاتا ہوں کہ فنڈز کی تقسیم سمیت دیگر امور میں ان کے ساتھ تعاون کروں گا۔انہوں نے کہاکہ صرف چہرہ نہیں نظام بھی تبدیلی محسوس ہوگی اور یہی ہماری اصل کامیابی ہوگی۔ سیکریٹریز ایک گاڑی استعمال کرنے کے مجاز ہوں گے۔ سیکریٹریز کی تعداد 20 سے زیادہ نہیں ہوگی، سینئر ایڈیشنل سیکریٹریز اور ایڈیشنل سیکرٹریز کی اسامیاں ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

ڈاؤن سائزنگ کا پراسس نچلی سطح تک لے کر جائیں گے جبکہ عدلیہ میں بھی اصلاحات کریں گے۔

دریں اثنائچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 28 ویں ترمیم چل پڑی، بہت جلد اسمبلی میں آجائے گی، جیسے 27 ویں ترمیم ملک کے لئے بہترین ثابت ہوگی وہاں 28 ویں ترمیم اس سے بھی اہم ترین ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سب ایک پیج پر ہیں، لگتا ہے کہ سب 28 ویں ترمیم کے ساتھ بھی کھڑے ہوں گے۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں، تنظیموں کو ایکٹو کریں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ کی کارکردگی سے خوش ہوں، آپ بطور گورنر پنجاب بہترین کام کر رہے ہیں، پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں مضبوط امیدواروں کو تلاش کریں۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا کہ پنجاب میں بیٹھنا شروع کروں گا اور ہر ضلع سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں سے ملاقاتیں کریں گے۔