ویسے تو چیٹ یا ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایم) کا آپشن سوشل میڈیا ایپس میں نظر آتا ہے مگر بہت جلد چیٹ جی پی ٹی میں بھی اسے استعمال کیا جاسکے گا۔
اوپن اے آئی کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی میں گروپ میسجنگ فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے۔
اس فیچر سے یہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں تبدیل ہو جائے گا۔
اس فیچر کے تحت متعدد افراد کسی ایک چیٹ کا حصہ بن سکیں گے اور اے آئی چیٹ بوٹ ان کے درمیان ایک گائیڈ کا کردار ادا کرے گا۔
یہ اس کمپنی کا اس طرز کا پہلا فیچر ہے جس کا مقصد دفتری ٹیموں، دوستوں اور گھر والوں کو اکٹھے ملکر کام کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
کمپنی کی جانب سے فی الحال اس فیچر کو صرف 4 ممالک جاپان، نیوزی لینڈ، جنوبی کوریا اور تائیوان میں متعارف کرایا گیا ہے۔
دنیا کے دیگر حصوں میں اسے آئندہ چند ماہ کے دوران توسیع دیے جانے کا امکان ہے۔
نومبر 2022 میں متعارف کرائے جانے کے بعد سے چیٹ جی پی ٹی میں اے آئی سے ون آن ون چیٹ پر توجہ مرکوز کی گئی۔
مگر اب اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹ میسجنگ کا اضافہ چیٹ جی پی ٹی کے استعمال کے تجربے کو مکمل طور پر بدل دے گا اور صارفین نہ صرف اے آئی بلکہ اس پلیٹ فارم کو دیگر افراد سے رابطوں یا ملکر کام کرنے کے لیے بھی استعمال کرسکیں گے۔
چیٹ جی پی ٹی گروپ میسجنگ میں 20 افراد کو شامل کیا جاسکے گا جبکہ وہ گروپ تھریڈز میں ون آن ون چیٹس بھی کرسکیں گے جو کہ دیگر افراد دیکھ نہیں سکیں گے۔
گروپ میں شامل ہر فرد کی اپنی پروفائل، یوزر نیم اور پروفائل فوٹو ہوگی تاکہ دیگر افراد کے لیے یہ جاننا آسان ہو کہ میسج کس نے بھیجا، جبکہ وہ میسجز پر ایموجیز سے ری ایکٹ بھی کرسکیں گے۔
گروپ ایڈمن ممبرشپ کو کنٹرول کرے گا جبکہ ہر صارف نوٹیفکیشنز کو میوٹ کرسکے گا یا چیٹ کا نام تبدیل کرسکے گا۔
یہ فیچر جی پی ٹی 5.1 آٹو اے آئی ماڈل پر کام کرے گا اور مفت یا ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کے لیے بہترین ریسپانس کو یقینی بنائے گا۔
چیٹ جی پی ٹی کے تمام اہم ٹولز بشمول ویب سرچ، امیج جنریشن، اپ لوڈز، فائل شیئرنگ اور دیگر گروپ چیٹس کے اندر دستیاب ہوں گے۔

