شہر قائد کے مختلف فاسٹ فوڈ سینٹر، بریانی سینٹرز اورہوٹلوں کو مردہ مرغیوں کے گوشت کی سپلائی کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق گلبرک پولیس نے موسیٰ کالونی ریلوے پھاٹک کے قریب گودام پر چھاپہ مارکر2 ملزمان کو گرفتار کرکے گودام سے مضر صحت مرغیوں کا 80 کلوسے زائد گوشت برآمد کرکے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق شہرقائد کےمختلف فاسٹ فوڈ سینٹر، بریانی سینٹرز اورہوٹلوں کو مردہ مرغیوں کے گوشت کی سپلائی کا انکشاف ہوا ہے اس سلسلے میں گلبرگ پولیس نے موسی کالونی میں چھاپہ مارکارروائی کے دوران 2 ملزمان انورولد ادریس عرف علی بنگالی اورکمال ولد منان کوگرفتار کرکے 80 کلو گوشت قبضے میں لے لیا۔
گلبرگ پولیس نے سرکار مدعیت میں نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، مقدمے کے متن کے مطابق کارروائی فیڈرل بی ایریا موسی کالونی میں ریلوے پھاٹک کے قریب کی گئی، اطلاع ملی کہ ایک گودام میں مردہ مرغیوں کا گوشت موجود ہے، ملزمان مردار گوشت کی ترسیل کی تیاری کر رہے ہیں۔
پولیس نے فوری سندھ فوڈ کنٹرول اتھارٹی کو اطلاع دی اورگودام پر چھاپہ مارا تو بڑی تعداد میں ثابت مردہ مرغیاں اور گوشت برآمد ہوا ہے۔
پولیس کی اطلاع پر سندھ فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی افسر بھی موقع پر پہنچے جنہوں نے گودام سے 80 کلو گوشت قبضے میں لے لیا جبکہ ایک کلو گوشت معائنے کیلیے لیبارٹری بھیج دیا ہے۔
گرفتارملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ مرغی کا مردار گوشت شہر کے بعض فاسٹ فوڈ سینٹرز، بریانی سینٹرز اور ہوٹلوں کو کم قیمت میں فراہم کرتے تھے۔
پولیس اور فوڈ اتھارٹی نے اس حوالے سے بھی تفتیش شروع کردی ہے کہ گوشت کی فروخت کب سے جاری تھی اور کن ریسٹورنٹ کو فراہمی کی جارہی تھی۔