پشاور : وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اپنا ابتدائی ترجیحی ایجنڈا تیار کرلیا۔وزیر اعلی سہیل آفریدی کی تحریک انصاف کی سینئیر قیادت کے ساتھ اسلام آباد میں مشاورتی بیٹھک ہوئی ۔ پارٹی کے صوبائی صدر جنید اکبر، سابق اسپیکر اسد قیصر، عاطف خان، شاہرام ترکئی و دیگر موجود تھے۔
سہیل آفریدی نے مشاورت کے بعد صوبائی حکومت کا ابتدائی ترجیحی ایجنڈا تیار کرلیا ۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کوششوں میں تیزی لانا ،صوبے میں قیام امن کے ہنگامی اقدامات اور گورننس میں بہتری شامل ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق صوبے مین اعلی بیوروکریسی اور ضلعی سطح پر بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہوگی۔ قابل افسر لگائے جائیں گے۔
وزیر اعلی کی پارٹی قیادت سے مشاوت گزشتہ روز خیبر پختونخوا ہاس اسلام آباد میں ہوئی تھی۔ ترجیحی ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے پارٹی قیادت سے ملاقاتیں جاری رہیں گی۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیرِاعلی سہیل آفریدی نے صوبے میں امن کے قیام کیلئے 25 اکتوبر کو ضلع خیبر میں امن جرگہ بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بند کمروں میں کیے گئے فیصلے عوام پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ امن کے قیام کیلئے قبائلی عمائدین، رہنماں اور نوجوانوں پر مشتمل ایک عظیم الشان امن جرگہ 25 اکتوبر 2025 بروز ہفتہ ضلع خیبر، تحصیل باڑہ میں منعقد کیا جائے گا، اور یہ جرگہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوگا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کے معاملات کے فیصلوں میں خیبر پختونخوا کے عوام کی خواہشات کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام خود اپنی زندگیوں اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، کسی کو بھی بند کمروں میں کیے گئے فیصلے عوام پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت عمران خان کے نظریے اور عوام کے مفادات کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کی نئی کابینہ کیلئے مشاورت مکمل کرلی گئی جس کا اعلان 2 روز میں متوقع ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پہلے مرحلے میں 8 سے 10 اہم محکموں کے وزرا کا اعلان ہوگا جب کہ باقی وزرا کے نام بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد فائنل کیے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ نئی صوبائی کابینہ میں نئے اور پرانے دونوں چہرے شامل ہوں گے ، اہم محکمہ کے وزرا کا جلد اعلان ان محکموں کے امور کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے کیا جائے گا۔