جیل میں ایکس اکائونٹ کیسے فعال ہے؟ عمران خان کو سوالنامہ فراہم کردیا گیا

اسلام آباد: این سی سی آئی اے نے بانی پی ٹی آئی سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، بالخصوص ٹوئٹر (ایکس) اکاؤنٹ کے حوالے سے دوبارہ تفتیش کا فیصلہ کرلیا۔
نیشنل کریمینل کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بانی پی ٹی آئی سے ایک بار پھر تفتیش کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفتیش سوشل میڈیا اکاؤنٹس، بالخصوص ٹوئٹر (ایکس) اکاؤنٹ کے حوالے سے کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ این سی سی آئی اے کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو 21 سوالات پر مشتمل سوالنامہ فراہم کیا جا چکا ہے۔ سوالنامے میں پوچھا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ کہاں سے آپریٹ ہوتا ہے اور اس کو کون استعمال کرتا ہے۔سوالنامے میں مزید کہا گیا ٹوئٹر سے کی جانے والی ٹوئٹس کو بانی پی ٹی آئی ذاتی طور پر اوون کرتے ہیں یا نہیں۔
ادارے نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ملک مخالف ٹوئٹس بھی کی جا رہی ہیں، جس کے حوالے سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔این سی سی آئی اے کا مؤقف ہے کہ تفتیش کا مقصد سوشل میڈیا پر ملک مخالف مواد اور اس کے ذرائع کی نشاندہی کرنا ہے۔