موبائل جام، سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے فون سمندر میں پھینک دیا

بحیرہ روم : سابق پاکستانی سینیٹر مشتاق احمد خان نے بدھ کے روز اپنا موبائل فون جام ہونے کے بعد اسے بحیرہ روم میں پھینک دیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری کی گئی ویڈیو میں غزہ کی جانب امدادی سامان اور ادویات پہنچانے کے لیے روانہ ہونے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر موجود سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے بتایا کہ دور سے اسرائیلی بحری جہاز نظر آ رہے ہیں اور امکان ہے کہ کسی بھی وقت کوئی کارروائی ہوجائے۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے خبردار کیا ہے کہ فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کا امکان ہے اور ہم نے ہنگامی حالات کے لیے حفاظتی جیکٹس پہن لی ہیں اور ہر ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
مشتاق احمد خان نے یہ بھی بتایا کہ اسرائیل نے ان کا موبائل فون بند کر دیا ہے اور گزشتہ 36 گھنٹوں سے وہ کسی سے رابطہ نہیں کر سکے، تاہم، انہوں نے کہا کہ اسرائیل میرا فون جام کر سکتا ہے لیکن غزہ کی طرف سفر کو نہیں روک سکتا، اور یہ کہتے ہوئے اپنا موبائل سمندر میں پھینک دیا۔
اس لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ چاہے ہم سمندر میں مچھلیوں کی خوراک بن جائیں یا اسرائیلی ڈرون کا نشانہ بنیں، ہم غزہ کی طرف سفر جاری رکھیں گے۔