ذرا تصور کریں، آپ سکون سے سو رہے ہوں اور آپ کا چیٹ جی پی ٹی جاگ کر آپ کے لیے نئی معلومات اکٹھی کر رہا ہو۔ جی ہاں، اوپن اے آئی نے اپنے مشہور پلیٹ فارم کے لیے ایک انوکھا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کا نام ہے **”Pulse”**۔
یہ فیچر اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ صارف کے سونے کے دوران بھی پس منظر میں کام کرتا رہے۔ رات بھر یہ نظام مختلف معلومات یکجا کرے گا اور صبح ہوتے ہی صارف کو نہ صرف اپ ڈیٹ کرے گا بلکہ گفتگو بھی شروع کرنے کے قابل ہوگا۔ گویا چیٹ جی پی ٹی اب صرف جواب دینے والی ایپ نہیں رہے گا بلکہ ایک “پروایکٹو ساتھی” کی شکل اختیار کر لے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ Pulse، صارف کی روزمرہ معلومات سے فائدہ اٹھاتا ہے، جیسے پچھلی چیٹس، دیا گیا فیڈ بیک یا پھر کلینڈر ایپس سے حاصل شدہ ڈیٹا۔ اس سے چیٹ جی پی ٹی مزید ذاتی نوعیت کے اور بروقت مشورے دینے کے قابل بنے گا۔
یقیناً یہ سب کچھ سن کر سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا صارفین کو اس نئے فیچر سے مطمئن کیا جا سکے گا؟ اوپن اے آئی نے اس پہلو پر بھی توجہ دی ہے — صارفین Pulse سے حاصل ہونے والے نتائج پر فیڈ بیک دے سکیں گے تاکہ سسٹم کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ نیا “رات کا ساتھی” صارفین کی زندگی میں کس حد تک تبدیلی لاتا ہے۔