نوشہرو فیروزمیں سیلابی ریلے سے تباہی،گھر،دکانیں اوراسکول زیرِ آب

نوشہرو فیروز/لاہور:دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر پانی کی آمد میں مزید اضا فہ ہوگیا۔کوٹری بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے مگر بہاؤ بڑھ کر 3 لاکھ 60 ہزار کیوسک ہو گیا۔

فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق گڈو اور سکھر بیراج پر بہاؤ میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جہاں نچلے درجے کے سیلاب ہیں، گڈو بیراج پر بہاؤ 2 لاکھ 68 ہزار اور سکھر بیراج پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 10 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

دریائے سندھ میں نوشہرو فیروز کے مقام پر بڑا ریلا گزرا جس کے باعث کنڈیارو کے قریب سیلابی پانی بکھری شہر میں داخل ہوگیا۔ سیلابی ریلے کے نتیجے میں متعدد گھر اور دکانیں زیرِ آب آگئیں، گورنمنٹ پرائمری اور مڈل اسکولوں میں بھی پانی جمع ہوگیا۔

سیلابی ریلے سے ضلع کی 16 یو سیز کے 445 دیہات متاثر ہیں، 15 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔ادھر سیلاب کے باعث فیصل آباد، خانیوال سیکشن تاحال بند ہے، متبادل روٹ پر ٹرینیں چلانے کے لیے اضافی ڈیزل استعمال کرنا پڑ رہا ہے۔

پاکستان ریلویز نے مسافروں کی تعداد میں کمی کے باعث گزشتہ روز دو ٹرینیں شاہ حسین اور پاک بزنس ایکسپریس منسوخ کردیں، پشاور سے کراچی جانے والی ٹرینوں کو متبادل روٹ سے منزل مقصود تک پہنچایا جارہا ہے۔

پاکستان ایکسپریس، ملت ایکسپریس، رحمان بابا اور ہزارہ متبادل روٹ لاہور ساہیوال سے کراچی جارہی ہیں، لاہور سے قراقرم، شاہ حسین ایکسپریس ،شالیمار کو بھی براستہ رائیونڈ ،ساہیوال چلایا جارہا ہے۔

فیصل آباد براستہ ٹوبہ، خانیوال جانے والی تمام مال بردار گاڑیوں کو بھی متبادل روٹ سے چلایا جارہا ہے، متبادل روٹ کے باعث روزانہ کی بنیاد پر اضافی ڈیزل کی مد میں لاکھوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔

دریں اثناء پنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی پانی کی سطح میں بتدریج کمی ہو رہی ہے، بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔