ساہیوال/بہاولنگر:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب سے متاثر ہونے والوں کو اپنے لیے اللہ کی طرف سے مہمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سیلاب میں متاثر ہونے والے کسانوں کو 20 ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے امداد دیگی۔
ساہیوال میں الیکٹرک بسوں کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا ساہیوال کے لیے 30 الیکٹرک بسیں لے کر آئی ہوں جس میں لوگ باعزت طریقے سے سفر کریں گے، ساہیوال کے لوگ جو سفر کئی سو روپے میں کیا کرتے تھے اب صرف 20 روپے میں کیا کریں گے۔
مریم نواز نے بتایاکہ بس سروس خواتین، اسپیشل افراد، بزرگوں اور طلبہ کے لیے فری ہے جبکہ بس میں اسپیشل افراد کے لیے خصوصی ریمپ بھی بنایا گیا ہے، بس میں سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہیں، مانیٹر کریں گے کہ کہیں خواتین کو ہراساں نہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا ساہیوال والے نواز شریف سے اور نواز شریف ساہیوال والوں سے پیار کرتے ہیں، ایکسپریس وے بنائی تو نوازشریف نے بنائی، ایٹمی دھماکے کیے تو نوازشریف نے کیے، ملک سے نواز شریف کی خدمات نکال دو تو کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں بچے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ معرکہ حق میں ہم نے تاریخی فتح حاصل کی، معرکہ حق میں کامیابی سے دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ اہم سنگ میل ہے، مکہ اور مدینہ ہمارے لیے پاک دھرتی ہیں، پاکستان اب خادمین الحرمین الشریفین میں شامل ہو گیا ہے۔
پنجاب میں حالیہ سیلاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا بدترین سیلاب آیا، 25 لاکھ افراد کو سیلاب آنے سے پہلے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔سیلاب زدگان کو عزت کے ساتھ میز کرسی پر کھانا دے رہے ہیں جس کا گھر مکمل تباہ ہوا اسے 10 لاکھ روپے ملیں گے، جس کا مٹی کا گھر گرا اسے 5 لاکھ روپے ملیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا جس کی گائے بھینس بہ گئی اسے 5 لاکھ روپے ملیں گے اور جس کی بھیڑ بکری بہ گئی اسے 50 ہزار روپے ملیں گے، سیلاب سے پہنچنے والے نقصان پر کسانوں کو 20 ہزار روپے فی ایکڑ امداد دیں گے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا پنجاب کے ہر ضلع میں بے گھر لوگوں کیلئے گھر بنائے جارہے ہیں، وزیراعلیٰ کا کام ہے کہ دکھ کی گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہوں، کوئی ایسا شخص نہیں تھا جو حکومت میں ہو اور چین سے سو رہا ہو، 15 لاکھ گھرانوں کو راشن کارڈ فراہم کیا جا رہا ہے، اپنا گھر اسکیم کے تحت 80 ہزار گھر بن رہے ہیں۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ مریم نواز نے بہاولنگر میںسلائی مشین پر کام کرنیوالی خواتین کے کیمپ کا دورہ کیا، خواتین کے ساتھ وقت گزارا، خود بھی سلائی کی، سیلاب سے متاثرہ بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور اظہار شفقت کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب متاثرین کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔