پاک سعودیہ تاریخی دفاعی معاہدے کے بعد حرمین الشریفین کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے معنی خیز ٹویٹ

مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ کے امور سے متعلق آگاہ کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے بعد معنی خیز پوسٹ شیئر کر دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر حرمین الشریفین سے متعلق اپ ڈیٹس دینے والے آفیشل پیج کی جانب سے مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کی خوبصورت تصاویر شیئر کی گئی ہیں۔
مذکورہ پوسٹ کا کیپشن ’كَأَنَّهُمْ بُنْيَانٌ مَرْصُوصٌ‘ خاص توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ پاک بھارت جنگ کے دوران بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان نے کامیاب جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کو سیز فائر کرنے پر مجبور کیا۔ پاکستان کی اس جوابی کارروائی کو ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کا نام دیا گیا تھا۔
تاہم اب حرمین الشریفین سے متعلق اپ ڈیٹس دینے والے آفیشل پیج کی اس پوسٹ کو بھی مقدس مقامات کی حفاظت کےلیے اسی تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط کیے گئے۔
اس معاہدے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
اس دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان کو حرمین الشریفین کی حفاظت کی سعادت حاصل ہوگئی ہے۔