حالیہ بد ترین سیلاب کی وجہ سے درجنوں فش اور پولٹری فارمز بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، مچھلیوں اور مرغیوں کی بڑی تعداد ضائع ہو جانے سے فارمرز کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے جبکہ آنے والے سیزن میں مچھلی کی قیمت بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ماہرین کے مطابق اس بڑے پیمانے کے نقصان سے مارکیٹ میں مچھلی اور پولٹری کی سپلائی کم ہو سکتی ہے جس کے نتیجے میں آئندہ دنوں میں ان کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق فش فارمرز موسم سرما کی آمد کے پیش نظر مقامی مارکیٹوںمیں خریداروں سے سودے کر رہے تھے لیکن حالیہ سیلاب نے سب کچھ تباہ کر دیا ۔
درجنوں فش فارمز کی مچھلی سیلابی ریلوں میں بہہ گئی ہے جس سے فارمرز کو کروڑوں روپے نقصان کا تخمینہ ہے ۔اسی طرح پولٹری فارمز بھی تباہ ہوئے ہیں جس سے سپلائی میں کمی آئے گی ۔ متاثرہ فارمرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف ان کے نقصان کا ازالہ کیا جائے بلکہ اسٹرکچر کی تعمیر کے لئے بھی ان کی مالی معاونت کی جائے۔

