سیلاب متاثرین کی مدد میں پاک فوج پیش پیش

حالیہ شدید بارشوں اور دریاؤ ں میں طغیانی کے باعث پنجاب کے مختلف علاقوں میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال نے ہزاروں شہریوں کو متاثر کیا ہے۔ ان نازک حالات میں پاک فوج اور سول انتظامیہ نے فوری ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا آغاز کر کے عوامی خدمت اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کر دی ہے۔

اٹاری، ہیڈ سلیمانکی، رینالہ خورد، جندراکہ، اوکاڑہ، ساہیوال، جھنگ، چنیوٹ اور گردونواح کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے دستے مکمل متحرک ہیں۔ پاک فوج نے کشتیوں کے ذریعے ان علاقوں میں پھنسے بزرگ شہریوں، خواتین، بچوں اور درجنوں خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جبکہ متعدد مال مویشی بھی بچا کر محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے۔

سیلابی پانی کے باعث کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے، جس پر پاک فوج کے جوانوں نے دشوار گزار راستوں میں رسائی ممکن بناتے ہوئے متاثرین تک امداد پہنچائی۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں جہاں راشن، کپڑے، ادویات اور پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں، فری میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔متاثرین سیلاب نے پاک فوج کے بروقت اور منظم ریسکیو آپریشن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کے لیے امید کا سہارا بنی۔ ترجمان کے مطابق، ریسکیو اور ریلیف آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام متاثرہ افراد مکمل طور پر محفوظ مقام پر منتقل نہیں ہو جاتے اور معمولاتِ زندگی بحال نہیں ہو جاتے۔