اسسٹنٹ کمشنر پتوکی کو اعلیٰ سول ایوارڈ،ورثاء کو ایک کروڑ روپے دینے کی منظوری

لاہور: فلڈریلیف آپریشن میں جاں بحق اسسٹنٹ کمشنرپتوکی فرقان احمد کو اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا، وہ کینسر مریض ہونے کے باوجود 4 دن سے فلڈ ریلیف ڈیوٹی کر رہے تھے۔

پنجاب حکومت نے فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی،فرقان احمد خان کو اعلیٰ سول ایوارڈ دینے اور ان کے ورثاء کے لیے ایک کروڑ روپے مالی گرانٹ کا اعلان کردیا۔

مریم نواز نے اسسٹنٹ کمشنر کیلئے اعلیٰ سول ایوارڈاور ایک کروڑ روپے دینے کی منظوری دے دی۔چار برس سے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے باوجود فرقان احمد خان مسلسل چار دن تک فلڈ ریلیف ڈیوٹی پر متحرک رہے، ساتھ ہی متاثرہ عوام کو خوراک، ادویات اور دیگر امدادی سامان فراہم کرنے میں پیش پیش رہے اور دورانِ آپریشن وہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر ایک حقیقی ہیرو تھے جنہوں نے مشکل حالات میں عوام کی مدد کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، قوم ان کی قربانی اور عزم کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔