سیلاب متاثرین کیلئے بجلی بلوں میں 70 فیصد تک چھوٹ کا اعلان

لاہور:وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے سیلاب سے متاثرہ شہریوں کے بجلی بلوں میں توسیع اور ریلیف کا اعلان کردیا، بلوں میں 70 فیصد تک کی چھوٹ ملے گی۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے لیسکو ہیڈکوارٹر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرہ شہریوں کو بجلی بلوں میں بڑی رعایتیں دی جا رہی ہیں تاکہ مشکل حالات میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔اویس لغاری نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں کے رہائشیوں کو بجلی بل جمع کرانے کیلئے اضافی وقت دیا جا رہا ہے جبکہ اگر مزید ریلیف کا اعلان ہوا تو ڈسکوز اضافی چارجز بھی معاف کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلابی پانی بڑھنے کے باعث بجلی بحالی کے کام میں تاخیر ہورہی ہے تاہم حالات بہتر ہوتے ہی مکمل سروس بحال کر دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے 3 کروڑ 30 لاکھ صارفین میں سے 1 کروڑ 80 لاکھ صارفین پہلے ہی 70 فیصد رعایت حاصل کر رہے ہیں۔

وزیر توانائی نے مزید بتایا کہ لیسکو ملازمین نے وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ میں اپنی ایک دن کی تنخواہ عطیہ کی ہے جبکہ گھروں میں سولر سسٹم استعمال کرنے والے صارفین کے بجلی بل بھی کم ہو رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث بجلی ٹیرف میں واضح کمی آئی ہے تاہم نئے آئی پی پیز کی نیٹ میٹرنگ سے عوام پر فی یونٹ 4 روپے اضافی بوجھ پڑا ہے جسے حکومت قابو کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔اس سے قبل نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کے تحت فی یونٹ بجلی 1.89 روپے کمی کی منظوری دی تھی جس سے گھریلو صارفین کو 3 ماہ تک ریلیف ملے گا۔