این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اقدمات کے تحت تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسپل ویزکھلنے کے باعث پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک متوقع ہے۔ دریائے سندھ کے بہاؤ میں ممکنہ اضافے کا خدشہ ہے، ملحقہ علاقوں کے مکین آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کر دیا ہے، ہدایت کی گئی ہے کہ نشیبی علاقوں کے مکین محتاط رہیں اور انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں۔دریں اثنا پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے تازہ رپورٹ جاری کردی، چناب، راوی اور ستلج دریا کے مختلف مقامات پر پانی کے بہاؤ کی تفصیلات جاری کیں۔دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر 1 لاکھ 61 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے۔
چناب میں خانکی کے مقام پر 2 لاکھ 3 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔ہیڈ قادر آباد میں 1 لاکھ 60 ہزار، چنیوٹ پل پر 4 لاکھ 18 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے، جسڑ پر 91 ہزار، راوی سائفن پر 1 لاکھ 14 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریواز پل پر خطرناک حد 526 فٹ ہے، پانی 523.6 فٹ تک پہنچ چکا ہے، تریموں کے مقام پر 1 لاکھ 45 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔
علاوہ ازیں بلوکی کے مقام پر 2 لاکھ 23 ہزار، سدھنائی کے مقام پر 3 لاکھ 47 ہزار کیوسک، جبکہ گنڈا سنگھ پر 2 لاکھ 53 ہزار، سلیمانکی پر 1 لاکھ 54 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔