کوہاٹ، پولیس موبائل پر حملہ، ایک اہلکار شہید، 2 زخمی،3 دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں دہشت گردوں کے پولیس وین پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے جب کہ کوہاٹ کے تھانہ لاچی کی حدود میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب جوابی آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق کوہاٹ کے تحصیل لاچی کے علاقے درملک میں پولیس چوکی کے قریب پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار موقع پر شہید جب کہ 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

ایمرجنسی کی اطلاع ریسکیو 1122 کوہاٹ کنٹرول روم کو موصول ہوتے ہی میڈیکل ٹیموں نے بروقت رسپانس کیا اور تمام پولیس اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹائپ ڈی اسپتال لاچی منتقل کر دیا جہاں سے دو پولیس اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق آپریشن کی نگرانی سینئر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کوہاٹ محمد عارف خٹک اور ایمرجنسی آفیسر حضرت نواب خان خود کررہے ہیں۔دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں اہلکار اشفاق شہید جب کہ کانسٹبل یاسر اور شفقت محمود زخمی ہوئے۔ڈی پی او نے بتایا کہ کوہاٹ میں دہشتگردوں نے پولیس وین پر حملہ کیا، پولیس ٹیم سرچ آپریشن سے واپس آرہی تھی، جوانوں نے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے فائرنگ کی، حملے میں اے ایس آئی اشفاق شہید ہوگئے۔بعد ازاں تھانہ لاچی کی حدود میں پولیس نے کامیاب آپریشن میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔آر پی او عباس مجید مروت نے کہا کہ تھانہ لاچی کی حدود در ملک میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔پولس پر حملے کی اطلاع ملتے ہی ریجنل پولیس آفیسر عباس مجید مروت اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر زاہد اللّٰہ بھاری نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور آپریشن کی کمان سنبھال لی۔

ادھر بنوں میں پولیس نے دہشتگردوں کا تھانے پر بڑا حملہ بہادری سے ناکام بنا دیا گیا۔پولیس کے مطابق فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے تھانہ میریان پر حملہ کیا تاہم پولیس کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کے باعث دہشت گردوں کو پسپا ہونا پڑا۔ڈی پی او بنوں سلیم کلاچی کے مطابق حملہ 3اطراف سے کیا گیا، جس میں 70سے زائد دہشتگرد شامل تھے اور انہوں نے کارروائی میں ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

انہوں نے بتایا کہ چوکس پولیس اہل کاروں نے دہشت گردوں کو فوری اور موثر جواب دیا، جس کے باعث فائرنگ کا سلسلہ اگرچہ 20سے 25منٹ تک جاری رہا مگر پولیس کی نفری مکمل طور پر محفوظ رہی۔ڈی پی او کے مطابق دہشتگرد کمانڈروں قاری نیاز، سفیر اور رسول کی قیادت میں حملہ آور ہوئے تھے لیکن پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور تربیت نے انہیں پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ تھانے پر حملے کو ناکام بنانا پولیس کے عزم، تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے۔