کراچی،قیمتوں میں من مانا اضافہ، آٹے کے بحران کا خدشہ

فلور ملز مالکان کی جانب سے آٹا اور میدہ کی قیمتوں میں من مانے اضافے کے بعد شہر میں آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا۔چیئرمین ہول سیل گروسرز عبدالرؤف کے مطابق ہول سیل میں فائن آٹے کی فی کلو قیمت 20روپے اضافے کے بعد 95روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ ڈھائی نمبر آٹے کی فی کلو قیمت 89 روپے تک جا پہنچی۔

انتظامیہ نے فائن آٹے کی سرکاری قیمت 78 روپے اور ڈھائی نمبر آٹے کی 66 روپے فی کلو مقرر کی تھی، تاہم ریٹیل مارکیٹ میں فائن آٹا 110 روپے اور ڈھائی نمبر آٹا 95 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے۔چکی مالکان نے بھی آٹے کی قیمت میں 30 روپے فی کلو اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد چکی آٹے کی فی کلو قیمت 120 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

آٹا چکی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مہنگی گندم خرید کر سستا آٹا فروخت کرنا ممکن نہیں۔ شہریوں کو خدشہ ہے کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو شہر میں آٹے کا سنگین بحران پیدا ہوسکتا ہے۔