وزیراعظم اسکیم کے ایک ہزار لیپ ٹاپ غائب ہونے کا انکشاف

وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے 1011 لیپ ٹاپ غائب ہونے کا انکشاف سامنے آیا، جس میں سے 784 لیپ ٹاپ ریکور کیے جا چکے ہیں تاہم 227 لیپ ٹاپ اب بھی لاپتا ہیں۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس معین عامر پیرزادہ کی زیر صدارت ہوا، جس میں وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم سے متعلق آڈٹ رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔

آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ اسکیم کے تحت دیے گئے 1011 لیپ ٹاپ غائب ہوگئے، جن میں سے 89 چوری ہوئے جبکہ 922 کا ریکارڈ موجود نہیں۔حکام نے بتایا کہ اب تک 784 لیپ ٹاپ ریکور کیے جا چکے ہیں تاہم 227 لیپ ٹاپ اب بھی لاپتہ ہیں۔رپورٹ میں کہنا تھا کہ غائب لیپ ٹاپس سے حکومت کو ایک کروڑ 19 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ اس کے علاوہ، یونیورسٹیوں کی جانب سے 757 لیپ ٹاپس کا ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔

آڈٹ حکام نے مزید بتایا کہ چوری شدہ لیپ ٹاپس کی مد میں 11 لاکھ روپے ریکور کیے گئے، لیکن وہ رقم سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائی گئی۔آڈٹ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 227 لیپ ٹاپ کی ریکوری کے لیے تاحال کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا اور نہ ہی ذمہ داران کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی (ڈی اے سی) نے معاملے کی مزید تحقیقات اور ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔