ہنگو، اپر دیر، ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ 3 جوان شہید،10 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے طورہ وڑی میں فتنہ الخوارج کے فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) چیک پوسٹ پر حملے میں 3 ایف سی جوان شہید جبکہ جوابی کارروائی میں ایک سہولت کار سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے۔ڈسٹرکٹ پولیس افیسر ہنگو محمد خالد خان کے مطابق صبح فتنہ الخارج کے دہشت گردوں نے تھانہ دوابہ کی حدود میں علاقہ طورہ را وڑی میں قائم ایف سی کی چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔

ایف سی جوانوں نے دشت گردوں کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا تاہم اس کارروائی کے دوران 3 ایف سی جوان جام شہادت نوش کرگئے اور 17 زخمی ہو گئے جبکہ جوابی کارروائی میں ایک سہولت کار سمیت فتنہ الخارج کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔ڈی پی او کے مطابق دہشت گرد رات کے اندھیرے میں اپنے ساتھیوں کی لاشیں اپنے ساتھ لے گئے۔ علاقے میں سرچ ہیں سٹرائیک آپریشن جاری ہے اور بہت جلد دیگر سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔دوسری طرف کارروائی میں شہید ہونے والے ایف سی جوانوں کی میتوں کو ڈی ایچ کے اسپتال پہنچا دیا گیا اور زخمیوں کو سی ایم ایچ ٹل منتقل کردیا گیا ہے جبکہ علاقے میں سکورٹ ایک انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو کے علاقے میں فیڈرل ریزرو پولیس کے قلعہ پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فیڈرل ریزرو پولیس کے جوانوں نے جان دے کر بھارتی اسپانسرڈدہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا۔اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے فیڈرل ریزرو پولیس کے 3 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید جوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔انہوں نے زخمی جوانوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید جوانوں کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع اپر دیرمیں فتنہ الخوارج کے خلاف سیکورٹی فورسز اور پولیس کی جانب سے خفیہ اطلاع پر کی گئی مشترکہ کارروائی میں پانچ دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک عام شہری شہید اور پانچ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) کے مطابق یہ ٹارگٹڈ آپریشن گزشتہ روز سے اپر دیر کی تحصیل دیر کے مختلف علاقوں دوبندو، بریکوٹ، سلام کوٹ اور ہاتن درہ میں کیا گیا، جو رات گئے تک جاری رہا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق ایک مطلوب کالعدم تنظیم ے بتایا جا رہا ہے۔

آپریشن کے دوران سلام کوٹ کا ایک شہری شہید جبکہ مجموعی طور پر آٹھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔علاوہ ازیںجنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں دفعہ 144 کے تحت نقل وحرکت پر پابندی عائد کردی گئی۔محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی سیکورٹی خدشات اور فورسز کے سامان کی ترسیل کے باعث لگائی گئی ہے، تحصیل برمل میں پابندی کا نفاذ صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک ہوگا۔