یکم تا 12 ربیع الاول عشرہ رحمت اللعالمینؐ منایا جائے گا، وزیر مذہبی امور

اسلام آباد:وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے 1447ء ہجری کو 1500 ویں ولادت و با سعادت کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے، یکم تا 12 ربیع الاول عشرہ رحمت اللعالمین منایا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا سب سے اہم حصہ 50 ویں سیرت النبیﷺ کانفرنس کا انعقاد ہوگا، اس کانفرنس میں اہم سیاسی و سرکاری و بین الاقوامی شخصیات شرکت کریں گی، سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم و تربیت، ریاست کی ذمہ داریاں سیرت النبیﷺ کی روشنی میں ہوگا، چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان و کشمیر کو بھی سیرت النبیﷺ کانفرنسز کے انعقاد کی ہدایات کی گئی ہیں۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ 11 ویں ربیع الاول کی شب خصوصی محفل نعت کا انعقاد ہوگا، وزارت مذہبی امور کے ساتھ مل کر چاروں صوبوں بشمول کشمیر و گلگت بلتستان میں تقاریب منعقد ہوں گی، ان تقاریب سے امن، محبت اور رواداری کا پیغام دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان تقاریب سے سوشل میڈیا کے مثبت استعمال سمیت دیگر امور پر رہنمائی فراہم کی جائے گی، قوم سے اپیل ہے کہ وہ ان تقاریب میں بھرپور شرکت کرے، غریب، نادار افراد خصوصاً سیلاب زدگان کی مدد کیلئے مدد و تعاون کریں۔

انہوں ںے کہا کہ اسلام میں کسی بھی طرح سود کی گنجائش نہیں ہے،سود کے خاتمے کے لیے ملک میں کوششیں جاری ہیں، 26ویں آئینی ترمیم میں بھی سود سے متعلق ترمیم لائی گئی تھی اس میں یقین دہانی کرائی گئی کہ 2028ء تک ملک میں بلا سود معاشی نظام لایا جائے گا رواں مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کے موقع پر میں نے وزیر خزانہ سے اس بارے میں بات کی وزیر خزانہ نے بتایا کہ انہوں نے اس حوالے سے بینکوں کو ہدایات جاری کی ہوئی ہیں انہوں نے بتایا کہ کئی بینک اپنے نظام کو تبدیل کر رہے ہیں۔

سردار یوسف نے کہا کہ وزارت مذہبی امور بھی سود کے خاتمے کے حوالے سے کام کر رہی ہے، میں ذاتی طور پر یہ نکتہ اٹھاتا رہا ہوں کہ اسلامی معاشی نظام میں سود کی کوئی گنجائش نہیں، میں نے 1992ء میں سود کے خلاف ووٹ دیا تھا۔