سلمان اکرم راجہ بھی دلبرداشتہ، پارٹی عہدے سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد: تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے پارٹی عہدے سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق سلمان اکرم راجہ نے اپنے ایک بیان میں پارٹی کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر کے عہدہ واپس لینے کی استدعا کروں گا۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل کا عہدہ چھوڑ رہے ہیں تاہم اپنی بطور وکیل اور عدالتی خدمات کو بلا معاوضہ جاری رکھیں گے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ چیئرمین کے اعتماد پر شکر گزار ہوں، میں زندگی بھر جمہوریت، آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی، خواتین اور اقلیتوں پر جبر کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کی، مزدوروں اور پنشنرز کے حقوق کی جنگ لڑی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ایئر مارشل اصغر خان کیس اور NRO کے خلاف قانونی جدوجہد کی، ٹیریان، عدت، سائفر اور فوجی عدالتوں کے خلاف مقدمات میں کامیابی حاصل کی، مخصوص نشستوں کا مقدمہ جیتنا بھی بڑی کامیابی ہے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ مجھے بیس جھوٹے دہشتگردی کے مقدمات میں ملوث کیا گیا، جیل سے نہیں ڈرتا، اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا، میں نہ جاگیردار ہوں نہ روایتی سیاستدان، میرا مختصر خاندان میرے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر اور باہر ہر قسم کے حملے برداشت کیے اور ڈٹ کر کھڑا رہا، آئندہ بھی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا رہوں گا اور اپنی وکالتی خدمات بلامعاوضہ جاری رکھوں گا۔