ملک بھر میں چینی کے بعد آٹا بھی مہنگا،عوام پریشان

چینی کے بعد گندم اور آٹے کی قیمتوں میں بھی اچانک بڑا اضافہ ہوگیا۔ فی من پر 600 روپے بڑھ گئے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق گندم کی فی من قیمت 2200 روپے سے بڑھا کر 2800 روپے کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی 100 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق گندم اور آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد نان بائی مالکان نے بھی روٹی کی قیمت میں 2روپے اضافے کا کہہ دیا۔گندم کی قیمت 55 روپے سے بڑھ کر 72 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے جس کے باعث ہول سیل مارکیٹ میں ڈھائی نمبر آٹا 15 روپے اور فائن آٹا 9 روپے فی کلو مہنگاہوگیاہے،ہول سیل میں ڈھائی نمبر آٹا 81 روپے اور فائن آٹا 87 روپے فی کلو میں فروخت ہورہاہے۔

چیئرمین ہول سیل گروسرز نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر آٹے اور گندم کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے ، ہول سیل میں ڈھائی نمبر آٹا 66 اور فائن آٹا 78 روپے فی کلو میں دستیاب تھا،ریٹیل میں ڈھائی نمبر آٹا 6 اور فائن 8 روپے کلو مہنگا ہوگیاہے جس کے بعد ریٹیل میں ڈھائی نمبر آٹا 110 روپے اورفائن آٹا 120 روپے فی کلو تک پہنچ گیاہے۔

ملک بھر میں چینی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جس کے باعث عوام اور دکاندار سخت پریشانی کا شکار ہیں۔ مارکیٹوں میں چینی نایاب ہو چکی ہے جبکہ جو چینی دستیاب ہے وہ بھی مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ مہنگی بیچی جا رہی ہے۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں ہول سیل مارکیٹ سے چینی مل ہی نہیں رہی، جس کے باعث کاروبار بند ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

دوسری جانب عوام روزانہ چینی کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں اور کئی علاقوں میں دکانداروں اور شہریوں کے درمیان جھگڑے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔پشاور میں ایک بار پھر آٹے کے نرخوں کو پر لگ گئے۔ ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کے تھیلے میں 400 روپے اور فی کلو میں 20 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔20کلو تھیلا جو ہفتہ پہلے 1350 روپے میں مل رہا تھا، جو اب 1750 روپے پر چلا گیا۔ تاجروں نے قیمتوں میں اضافہ گندم کے ریٹ اوپر جانے کو قرار دیا جو کہ 2400 روپے فی 40 کلو گرام سے بڑھ کر 3 ہزار روپے ہوگئے۔

بارشوں کے باعث بیشتر علاقوں سے آنے والی سبزیوں اور فروٹ کی سپلائی بند ہو گئی ہے جس کے باعث مارکیٹ میں سبزیوں اور آٹا سمیت مختلف اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ آلو 100 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح ٹماٹر 129 روپے فی کلو، پیاز 120 روپے فی کلو، لہسن 350 روپے فی کلو، ادرک 500 روپے فی کلو، پھول گوبھی 110 روپے فی کلو اور مرغی 465 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔