پاکستان اور بنگلہ دیش کا دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی : چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بنگلہ دیشی فوج کے کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹننٹ جنرل محمد فیض الرحمان نے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بنگلہ دیش آرمی کے کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد فیض الرحمان نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں دفاع اور سلامتی کے شعبے میں موجودہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات کے حوالے سے بتایا گیا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو اجاگر کیا۔اس دوران دفاعی تعاون کے نئے امکانات کی نشان دہی بھی کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق بنگلہ دیشی معزز مہمان نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔