اسلام آباد : کراچی سمیت ملک بھر کیلئے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی ایک روپے69 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں دائر کی گئی ہے۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے )نے درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو جمع کرادی ہے، جس کی 28 اگست کو عوامی سماعت ہوگی۔
درخواست کے مطابق جولائی میں مجموعی طور پر 14.123 بلین یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔ اس میں سے 13.666 بلین یونٹ تقسیم کار کمپنیوں کو فراہم کیے گئے، بجلی کی پیداواری لاگت 8 روپے 18 پیسے فی یونٹ رہی۔جولائی میں پانی سے 40.13 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.64 فیصد بجلی پیدا کی گئی، درآمدی کوئلے سے 8.07 فیصد، گیس سے 7.74 فیصد بجلی پیدا کی گئی جبکہ درآمدی ایل این جی 17.26 فیصد جوہری ایندھن سے 9.95 فیصد بجلی پیدا کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یکساں ٹیرف سے متعلق ای سی سی کی پالیسی گائیڈ لائنز کا بھی نیپرا جائزہ لے گی، نیپرا اتھارٹی سماعت کے بعد کمی کا فیصلہ کرے گی۔ اگر نیپرا یہ درخواست منظور کر لیتا ہے تو صارفین کو آئندہ ماہ بجلی کے بلوں میں کمی کی صورت میں ریلیف مل سکتا ہے۔
