گلگت: گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں گلیشیئر پھٹنے سے سیلاب نے ایک بار پھر تباہی مچادی، متعدد دیہات زیر آب آ گئے، گاؤں راؤشن کی آبادی محصورہوکر ہو گئی،200 سے زائد افراد ریسکیو کر لیے گئے۔گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ نے کہا کہ سیلاب سے لوگوں کا شدید مالی نقصان ہوا تاہم جانیں محفوظ ہیں۔
فیض اللہ نے بتایا کہ غذر گوپس کے علاقے تلی داس کے مقام پر گلیشیئر پھٹ گیا جس سے دریا کا بہاؤ رک گیا، مزید نقصانات کا خدشہ ہے، وزیراعلیٰ خود مانیٹر کر رہے ہیں تاکہ مزید نقصان نہ ہو۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ غذر کے علاقے راؤشن میں سیلاب سے 100 سے زائد گھر متاثر ہوئے، سیلاب سے کھیتوں اور باغات کو بھی نقصان پہنچا۔
گلیشیئر پھٹنے سے پانی ایک جھیل کی صورت اختیار کر گیا ہے، متصل دیہات مزید زیر آب آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے افراد موقع پر موجود ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی افسر طاہر شاہ نے بتایا کہ اب تک متاثرہ علاقوں سے 200 کے قریب لوگوں کو ریسکیو کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بعض لوگ ٹراما میں تھے، جن میں سے بعض کا بلڈ پریشر ہائی ہو گیا تھا، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور ایمبولینس کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
طاہر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ دریائے غذر کے نیچے گلگت اور چلاس میں لوگوں کا انخلا شروع کیا گیا ہے ۔قبل ازیں ضلعی حکام نے بتایا کہ غذر میں گلیشیئر پھٹنے سے شدید لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے دریائے غذر کا بہاؤ مکمل طور پر رک گیا ، کئی بستیاں سیلاب سے متاثر ہو رہی ہیں، عطا آباد جھیل جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے مگر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لینڈسلائیڈنگ سے گلگت شندور روڈ مکمل طور پر بند ہو گیا ہے، تالی داس نالہ میں لینڈ سلائیڈنگ دو اطراف سے ہوئی، تودے سے راؤشن گاؤں کی آبادی محصور ہوگئی۔
وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون کا کہنا ہے کہ سیلاب نے غذر میں ایک بار پھر تباہی مچا دی ہے تاہم ابھی تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، کچھ لوگوں کے پھنسنے کی اطلاع ہے جنہیں ریسکیو کیلئے ہیلی کاپٹر طلب کیا گیا ہے، کمانڈر ایف سی این اے کی طرف سے ہنگامی بنیادوں پر ہیلی کاپٹر روانہ کر دیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر غذر نے بتایا ہے کہ تالی داس راؤشن میں لینڈ سلائیڈ نگ کے باعث رات 3 بجے سے دریائے غذر مکمل بند ہے، دریائے غذر بند ہونے سے مزید آبادیاں سیلابی پانی کے کٹاؤ کی زد میں آ رہی ہیں، لوگوں کو بروقت اطلاع دی گئی جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بعدازاں سیلاب میں پھنسے افراد کی مدد کیلئے پاک فوج کا ہیلی کاپٹر غذر پہنچ گیا جس نے متعدد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔
ادھر میڈیا رپورت کے مطابق غذر میں چرواہے نے گلیشیئر پھٹنے کی بروقت اطلاع دیکر سیکڑوں افراد کی جان بچائی۔سیلاب کی اطلاع پر راتوں رات گاؤں تالی داس خالی کیاگیا اور تقریباً 200 لوگ بلند پہاڑی مقام پر پہنچے اور یہ اطلاع ایک مقامی چرواہے انصار نے گاؤں والوں کو ٹیلیفون پر دی۔
انصار کی اطلاع کے بعد 100مکانات خالی کرائے گئے اور بعد میں سیلاب آیا توان خالی مکانات کو نقصان بھی پہنچا لیکن قیمتی جانیں بچ گئیں۔ چرواہا سیلاب کے وقت اپنے اہلخانہ کے 6 افراد کے ساتھ اسی نالے میں موجود تھا۔