بھارت نے خیالی پورٹس تباہ کرنے کا پروپیگنڈا کیا، عطا تارڑ

وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ دشمن کو جب لگا کہ یہ کراچی پورٹ تباہ نہیں کرسکے گا تو اس نے لاہور اور ملتان کی خیالی پورٹس کو تباہ کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا۔سی پی این ای کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے پاکستان نے بھارت کے خلاف حالیہ جنگ کامیابی سے لڑی، دنیا بھر میں پاکستان کے حوالے سے شکوک و شبہات تھے، بعض لوگ پاکستان کو رائٹ آف کر رہے تھے۔

اس جنگ نے سبز پاسپورٹ کی عزت اور وقار میں اضافہ کیا۔ دنیا نے دیکھا کہ پوری قوم متحد ہو کر کھڑی ہے، یہ وقت ہے کہ ہم متحد ہو کر قومی سطح پر یہ جنگ لڑیں، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم نے اپنی زندگی میں یہ منظر دیکھا کہ پاکستان نے فتح حاصل کی، ہم سب کو اس میں حصہ ڈالنے کی توفیق ملی۔

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے بیانیے کی جنگ شروع ہوئی، دشمن کے پاس وسائل، افرادی قوت اور انٹرنیشنل لابنگ زیادہ تھی لیکن ہمارے پاس سچ کی طاقت تھی، اسی سچ نے دشمن کو چاروں شانے چت کیا، وزیراعظم نے کاکول میں خطاب کے دوران پہلگام واقعہ کی تحقیقات کی پیشکش کی جس پر ہمارے موقف کو عالمی سطح پر تقویت ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات نے جدید ”ڈیجیٹل وار روم” قائم کیا جو بیانیہ کی جنگ میں فیصلہ کن ثابت ہوا، آئی ایس پی آر سے لمحہ بہ لمحہ رابطہ رہا اور عالمی میڈیا میں پلیسمنٹ کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی اپنائی گئی، یہ جنگ افواج پاکستان، وزارت اطلاعات اور میڈیا نے مل کر لڑی، دشمن کا میڈیا جھوٹا پروپیگنڈا کرتا رہا جبکہ پاکستانی میڈیا نے ریاست کے بیانیہ کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ملک کے دفاع اور سالمیت کے لیے موثر کردار ادا کیا، یہی وجہ ہے کہ آج دنیا میں پاکستانی عوام کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے، عسکری قیادت نے نیشنل سیکورٹی کونسل کے فیصلوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے دشمن کو ناکام بنایا، ایئر فورس کے شاہینوں نے تاریخ ساز کارنامہ انجام دیا، نیوی کے جوان ہر لمحہ دفاع وطن کے لئے تیار تھے کہ آپریشن دوارکا کی تاریخ دہرانا پڑی تو دہرائیں گے۔

پاکستانی قوم نے رات کے اندھیرے میں ہونے والے حملے کا فجر کے وقت بھرپور جواب دیا، پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی، اللہ تعالیٰ نے جنگ سے پہلے، جنگ کے دوران اور بعد میں پاکستان کو عزت و وقار سے نوازا۔ یوٹیوب چینلز کی بندش کے بعد انڈیا میں پاکستانی اشتہارات کے چلنے کی حکمت عملی نے دشمن کو سخت مشکل میں ڈالا۔وزارت اطلاعات اور اس کے دروازے سی پی این ای کے لئے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں۔