اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان باہر آتے نظر نہیں آرہے، ضمانت پر پی ٹی آئی کا جشن سمجھ سے بالاتر ہے، ضمانت ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ ملزم بری ہو گیا، یہ اپنے آپ کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی 190 ملین پاؤنڈ کے میگا کرپشن کیس میں ملوث ہیں، بانی پی ٹی آئی کو شواہد کی بنیاد پر شفاف ٹرائل کے ذریعے 14 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عدالت کو نہ بتا سکے کہ اربوں روپے پراپرٹی ٹائیکون کو کس مد میں دیئے گئے، پی ٹی آئی نے ثبوت دینے کی بجائے ریاست مدینہ کے بیانیے کا سہارا لیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضمانت پر شادیانے بجائے جا رہے ہیں، ضمانت تو ڈکیت کی بھی ہوتی ہے، ابھی کیس کا ٹرائل جاری ہے، ضمانت کا مطلب کیس کا فیصلہ آنا نہیں ہے، ضمانت ملنے پر خوشیاں منانا سمجھ سے باہر ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ یہ لوگ عدالت میں اپنے دفاع میں کچھ ثابت نہ کرسکے، نومئی کے مقدمات کا ابھی ٹرائل جاری ہے، قوم جانتی ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی باقاعدہ منصوبہ بندی ہوئی، بانی پی ٹی آئی ابھی باہر آتے نظر نہیں آتے۔
انہوں نے کہا کہ شادیانے بجانے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ضمانت اور بریت میں فرق ہوتا ہے، ان لوگوں نے حساب دینے کی بجائے اسلامی ٹچ اور مذہب کارڈ کا استعمال کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ثابت ہو چکا کہ بند لفافے کی کابینہ سے منظوری لی گئی، بند لفافے کی منظوری کے ذریعے 190 ملین پاؤنڈ کا گھپلا کیا گیا۔
