حکومت نے رواں برس بھی عشرہ رحمۃ للعالمین قومی و صوبائی سطح پر شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی زیر صدارت بین الصوبائی اجلاس ہوا، جس میں وزیر اوقاف آزاد کشمیر حافظ محمد احمد رضا قادری، پارلیمانی سیکرٹری بلوچستان شہناز عمرانی شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں وفاقی و ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور، اوقاف سیکرٹریز پنجاب ، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگگت بلتستان بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ عشرہ رحمۃ للعالمین یکم تا 12 ربیع الاوّل قومی و صوبائی سطح پر شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی اور سینیٹ سے پاس شدہ قراردادوں کی روشنی میں ملک گیر سطح پر سیرت محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1500 ویں سالِ ولادت کے تناظر میں صوبائی اور لوکل حکومتیں نوجوان نسل کو سیرت ِ نبوی سے آگاہی دیں ۔ وزارت ِ مذہبی امور اسلام آباد میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس کاانعقاد کر رہی ہے، جس کا موضوع ’’سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمے داریاں سیرت النبی کی روشنی میں‘‘ رکھا گیا ہے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ عشرہ منانے کا مقصد یہ ہے کہ سیرت طیبہ پر تفصیلی گفتگو ہو اور نوجوانوں کو آگہی میسر آئے۔ سرکاری و نجی اسکولوں ، کالج اور یونیورسٹیوں میں عشرہ رحمۃ للعالمین کے تحت پروگرام منعقد کیے جائیں۔ عصری تعلیمی اداروں اور دینی مدارس کے طلبہ مشترکہ پروگرام منعقد کریں جہاں نوجوان اپنے خیالات کا اظہار کریں ۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیرت النبی کی روشنی میں دور حاضر کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کوشش کرنا ہو گی۔ ہمیں موجودہ دور میں اپنی تعلیم، معیشت ، سماجی اقدار اور خاندانی نظام کو متاثر ہونے سے بچانا ہے۔ معاشرے میں بگاڑ اُسوۃ نبوی پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہے۔ نبی اکرمﷺ کی بعثت کا مقصد انسانیت کو درست رہنمائی کے ذریعے ہدایت پر لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امتی ہونے کے ناتے ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ سیرت کو عام کریں اور پیغام کو اجاگر کریں۔ آج کے سوشل میڈیا دور میں اسلام کے پیغام کو عام کرنا مزید آسان ہو چکا ہے۔